حیدرآباد/30 جولائی ( سیاست نیوز) کرنول کے وائی ایس آر کانگریس رکن اسمبلی حفیظ خاں کے ایک خاتون کے ساتھ بات چیت کا آڈیو وائرل ہوتے ہی سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا ہوچکی ہے۔ وائرل آڈیو کے بعد حفیظ خاں نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن قائدین انہیں بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے ایک خاتون سے بات کی ہے اور اس میں کوئی بات غیر اخلاقی نہیں ہے۔ دو سال قبل کے آڈیو کو اپوزیشن نے آج ریلیز کیا ہے۔ آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر میری امیج کو بگاڑنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی کے پاس اپنے مسائل کے ساتھ کئی افراد رجوع ہوتے ہیں اور رکن اسمبلی کو بات کرنی پڑتی ہے۔ انہوں نے آڈیو ریلیز کی جانچ کرنے پولیس سے مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ وائرل آڈیو میں خاتون نے بھاری رقم کی سرمایہ کاری اور منافع کی بات کی ہے۔