رکن اسمبلی کی حیثیت سے دائر کردہ درخواست کی چیف منسٹر کے عہدہ پر سماعت

   

جواب داخل کرنے ہائی کورٹ نے چار ہفتے کی مہلت دی
حیدرآباد۔/10 جولائی، ( سیاست نیوز) ریونت ریڈی کی جانب سے رکن اسمبلی کوڑنگل کی حیثیت سے 2016 میں داخل کی گئی مفاد عامہ کی درخواست پر تلنگانہ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس الوک ارادھے اور جسٹس انیل کمار پر ڈیویِژنل بنچ نے کسانوں کو نقلی بیجوں کی سربراہی سے متعلق شکایت پر جواب داخل کرنے کیلئے حکومت کو چار ہفتے کی مہلت دی ہے۔ حکومت سے وضاحت طلب کی گئی کہ کسانوں کو نقلی بیج سے بچانے کیلئے حکومت کی سطح پر کیا اقدامات کئے جارہے ہیں۔ 2016 میں رکن اسمبلی کی حیثیت سے داخل کی گئی درخواست کا جواب چیف منسٹر کے طور پر ماتحت محکمہ جات کو دینا ہوگا۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ نقلی بیج سربراہ کرنے والوں سے رقومات وصول کرتے ہوئے کسانوں کو معاوضہ دیا جائے۔ کیس کے ویب ریکارڈ کے مطابق مفاد عامہ کی درخواست کی مارچ 2022 میں پہلی سماعت ہوئی تھی۔ جاریہ سال 4 جون کو جب دوبارہ سماعت ہوئی تو ریاستی حکومت کے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے حکومت کی جانب سے حلفنامہ داخل کرنے کیلئے وقت مانگا۔ ہائی کورٹ میں منگل کے دن جب تیسری مرتبہ سماعت ہوئی تو ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے حکومت کے موقف کی وضاحت کیلئے مزید چار ہفتوں کی مہلت مانگی ہے۔1