رکن اسمبلی گوپی ناتھ کا جوبلی ہلز کے مختلف علاقوں میں دورہ، عوام سے ملاقات

   

Ferty9 Clinic

لاک ڈائون پر عمل کرنے عوام سے اپیل، تاجرین زائد قیمت وصول نہ کریں
حیدرآباد۔ 25 مارچ (سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن اسمبلی جوبلی ہلز ایم گوپی ناتھ نے آج اپنے اسمبلی حلقے کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور کورونا وائرس سے بچائو کے لیے احتیاطی اقدامات کی اپیل کی۔ انہوں نے لاک ڈائون پر عمل آوری کا جائزہ لیا اور کہا کہ یہ تحدیدات عوام کی بھلائی کے لیے ہے۔ لہٰذا ہر کسی کو پابندی کرنی چاہئے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ چیف منسٹر کی ہدایت کے مطابق عوام خود کو گھروں تک محدود رکھتے ہوئے ریاست میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے میں تعاون کریں۔ عوام کے تعاون کے بغیر وائرس کے پھیلائو کو روکا نہیں جاسکتا۔ گوپی ناتھ نے وائرس کے خطرے کے باوجود عوام کے درمیان پہنچ کر فرائض انجام دینے والے ڈاکٹرس، طبی عملہ اور میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں اور ملازمین کی ستائش کی۔ شہر میں صحت و صفائی کے انتظامات کے سلسلہ میں بلدی حکام سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جگہ جگہ ادویات کا چھڑکائو کیا جارہا ہے تاکہ صحت عامہ کو کوئی نقصان نہ ہو۔ گوپی ناتھ نے ترکاری اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں کا جائزہ لینے کے لیے مارکٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ زائد قیمت وصول نہ کریں اور عوام کی مجبوری کا فائدہ نہ اٹھائیں۔ انہوں نے ایرہ گڈا اور دیگر مارکٹس میں عوام سے بات چیت اور قیمتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ زائد قیمت وصول کرنے والے تاجروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف پولیس میں شکایت درج کی جاسکتی ہے۔ رکن اسمبلی کے ہمراہ بلدی عہدیدار اور ٹی آر ایس قائدین بھی موجود تھے۔ چیف منسٹر کی اپیل کے بعد ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں سرگرم دکھائی دے رہے ہیں۔