سدا سیو پیٹ 20 /جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر سداسیوپیٹ سے تعلق رکھنے والے مختلف تنظیموں کے ذمہ داروں نے قومی اقلیتی کمیشن کی رکن شہزادی بیگم سے سنگاریڈی میں ملاقات کرتے ہوئے مختلف مسائل پر نمائندگی کی جن میں بالخصوص شہر سداسیو پیٹ میں اردو میڈیم ڈگری کالج کی منظوری ، اور اقلیتوں کو مرکزی حکومت کی جانب سے دی جانے والی اسکالرشپ کو دوبارہ شروع کی جائے۔مرکزی حکومت کی جانب سے دی جانے والی اسکالرشپ کو روک دینے کی وجہ سے غریب اقلیتی طلبہ و طالبات کو کافی دشواری ہو رہی ہے۔لہذا اسے فوری طور پر پھر سے دوبارہ شروع کیا جائے۔اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر ویرا ریڈی ، صدر عید گاہ کمیٹی اکبر حسین ، صدر ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ سوسائٹی سید رافع التمش ، سابقہ رکن بلدیہ محمد شفیع الدین ، عبدالغنی کے علاوہ مختلف تنظیموں کے ذمہ دار موجود تھے۔
وظیفہ یاب ملازمین کا کلکٹریٹ کے روبرو دھرنا
نظام آباد :20؍ جولائی( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مسائل کی یکسوئی کا مطالبہ کرتے ہوئے آل پنشنرس اینڈ وظیفہ یاب ملازمین نے کلکٹریٹ کے روبرو دھرنا دیتے ہوئے ضلع کلکٹر کو ایک یادداشت پیش کی ۔ ضلع صدر رام موہن رائو کی قیادت میں اسوسی ایٹ صدر سدرشن راج ، سکریٹری مدن موہن و دیگر وظیفہ یاب ملازمین نے بارش کی پرواہ کئے بغیر ہی کلکٹریٹ کے روبرو دھرنا دیا اور ضلع کلکٹر کوتفصیلی یادداشت پیش کرتے ہوئے بتایا کہ وظیفہ یاب ملازمین کے انٹریئیر ریلیف 30 فیصد دینے ، پی آرسی کمیٹی کا قیام زیر التواء ڈی اے کی اجرائی اور طبی سہولتیں فراہم کرنے ، آرٹی سی میں سینئر سٹیزن کو رعایت دینے اور پہلی تاریخ کے روز وظیفہ دینے کا مطالبہ کیا۔