تکو گوڑہ میونسپلٹی میں ووٹ دینے کی وضاحت، تلنگانہ سے تعلق کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے اسٹیٹ الیکشن کمشنر ناگی ریڈی سے ملاقات کی اور بلدی انتخابات میں رائے دہی میں حصہ لینے کی وضاحت کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا تعلق تلنگانہ سے ہے، لہذا انہیں راجیہ سبھا رکن کی حیثیت سے ووٹ دینے کا حق حاصل ہے ۔ کانگریس کی جانب سے ان کے ووٹ پر اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے کیشو راؤ نے راجیہ سبھا کے جوائنٹ سکریٹری کے اعلامیہ کا حوالہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ کے وی پی رام چندر راؤ کو تلنگانہ میں ووٹ دینے کا حق نہیں ہے۔ دونوں ایک ریاست میں کس طرح ووٹ دے سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ کیشو راؤ نے تکو گو ڑہ میونسپلٹی میں ایکس آفیشو ممبر کی حیثیت سے ووٹ دیا ہے۔ کیشو راؤ نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں وضاحت کے لئے الیکشن کمشنر سے ملاقات کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ٹی آر ایس کی جانب سے راجیہ سبھا کیلئے نامزد کیا گیا۔ ریاست کی تقسیم کے بعد مجھے اور دیویندر گوڑ کو لاٹری کے ذریعہ آندھراپردیش الاٹ کیا گیا۔ سی ایم رمیش اور کے وی پی رام چندر راو کو تلنگانہ الاٹ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی رکن کی حیثیت سے رائے دہی میں حصہ لیا ہے ۔ کیشو راؤ نے کہا کہ اعلامیہ کی اجرائی کے بعد گزٹ کی عدم اجرائی پر کانگریس اعتراض کر رہی ہے۔ یہ معاملہ مجھ سے نہیں پارلیمنٹ سے پوچھنا چاہئے ۔ راجیہ سبھا کے جوائنٹ سکریٹری نے اعلامیہ جاری کیا ہے۔ آندھراپردیش میں قانون ساز کونسل کی برخواستگی کیلئے قرارداد کی منظوری پر تبصرہ کرتے ہوئے کیشو راؤ نے کہا کہ وہ کونسل کی برقراری کے حق میں ہیں۔ این ٹی راما راؤ نے جب کونسل منسوخ کردی تو اس کے خلاف جدوجہد کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کونسل کے سبب ریاست کو نقصان کا دعویث مضحکہ خیز ہے۔ کونسل کی برقراری سے حکومت پر کوئی خاص بوجھ نہیں پڑے گا۔