نظام آباد۔ 28 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)دختر وزیراعلیٰ ریاست تلنگانہ و رکن قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا نے جمعہ کے روز درگاہ اجمیر شریفؒ پر حاضری دی اورگلہائے عقیدت پیش کیا، چاد ر چڑھائی اور ریاست تلنگانہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کی۔ بعد ازاں کلواکنٹلہ کویتا نے ذمہ دران درگاہ سے ملاقات کرتے ہوئے بات چیت کی۔ اس دوران ذمہ دارانِ درگاہ نے وزیراعلیٰ کے سی آر کی جانب سے تلنگانہ میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے کی جارہی کوششوں کی ستائش کی۔ رکن کونسل کویتا نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ سیکولرازم کا علمبردار بن چکا ہے۔درگاہ اجمیر شریفؒ میں حاضری کے موقع پر دختر وزیر اعلیٰ کا شاندار استقبال کیا گیا۔اس موقع پر کویتا کے ہمراہ ٹی آر ایس کے سینئر قائدین محمد اعظم علی، نوید اقبال، ایس اے علیم، بورابنڈہ کارپوریٹر بابا فصیح الدین، عائشہ (اہلیہ رکن اسمبلی بودھن شکیل عامر) کے علاوہ دیگر موجود تھے۔بعد ازاں رکن کونسل کویتا نے راجستھان میں پشکر مندر اور سری ناتھ مندر کا بھی دورہ کیا اور خصوصی پوجا کی۔