رکن پارلیمنٹ بی سنجے کیخلاف پولیس میں شکایت

   

کورٹلہ ۔28 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رکن پارلیمنٹ کریم نگر بنڈی سنجے کمار کی جانب سے ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کی والدہ کے تعلق سے کئے گئے ریمارکس پر ہر گوشے کی جانب سے سخت مذمت کی جارہی ہے ۔ بروز منگل کانگریس قائدین کی جانب سے کتھلا پور پولیس اسٹیشن میں بنڈی سنجے کے خلاف شکایت درج کروائی گئی ۔ اس موقع پر کانگریس قائدین نے کہاکہ بنڈی سنجے کمار رکن پارلیمنٹ کریم نگر جنہوں نے حلقہ پارلیمنٹ کریم نگر میں کوئی ترقیاتی کام انجام نہیں دیئے بلکہ مذہب کے نام پر ہندو و مسلمانوں میں انتشار پیدا کرتے ہوئے ووٹ حاصل کئے ۔ انھوں نے کہا کہ پونم پربھاکر ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ جنھوں نے علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے سلسلے میں پارلیمنٹ میں اپنی آواز بلند کی اُن پر تنقید کرنے کا بنڈی سنجے کو حق حاصل نہیں ہے ۔ کانگریس قائدین نے بنڈی سنجے کو انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ کانگریس آئی پارٹی کے خلاف غیرضروری ریمارکس کرنا بند کریں بصورت دیگر اُنھیں منہ توڑ جواب دیا جائیگا ۔ اس موقع پر تلنگانہ پردیش ایکزیکٹیو ممبر پی انجیاء ، صدر منڈل کانگریس کے ناگا راجو ، ڈسٹرکٹ کسان مورچہ نائب صدر الوری دیونا ، لنگم گوڑ کے علاوہ دیگر کانگریس آئی قائدین موجود تھے ۔