کانگریس امیدواروں کی تائید کی اپیل، غدر نے دیانتدارانہ عوامی خدمت کی تلقین کی
حیدرآباد : کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے انقلابی شاعر غدر سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس امیدواروں کی تائید کی خواہش کی۔ ریونت ریڈی نے سابق رکن پارلیمنٹ ملو روی اور حلقہ لوک سبھا ملکاجگری کے تحت آنے والے بلدی ڈیویژنس کے پارٹی امیدواروں کے ساتھ غدر کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی ۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی فرقہ پرست طاقتوں سے مقابلہ کر رہی ہے اور غدر جیسی شخصیتوں کو سیکولرازم کے طاقت کیلئے کانگریس کی تائید کرنی چاہئے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ بلدی انتخابات میں کانگریس ترقی کے ایجنڈہ کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے جبکہ بی جے پی نے فرقہ وارانہ ایجنڈہ اختیار کرتے ہوئے سماج کو مذہب کے نام پر توڑنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے غدر سے خواہش کی کہ وہ کانگریس امیدواروں کی کامیابی کے لئے نیک تمنائیں ظاہر کریں۔ اس موقع پر غدر نے کہا کہ سماج کی تبدیلی کے لئے عظیم جدوجہد کی ضرورت ہے اور عوامی خدمت کا جذبہ ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کانگریس امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ عوامی خدمت کے جذبہ کے ساتھ آگے بڑھیں تاکہ رائے دہندوں کی تائید حاصل ہو۔ واضح رہے کہ حال ہی میں ریاستی وزیر بہبود ایس سی ڈیولپمنٹ کے ایشور نے غدر سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی تھی ۔ اسی دوران ریونت ریڈی نے بتایا کہ غدر نے کانگریس امیدواروں کی کامیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔