رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کی کسان بھروسہ یاترا کا آج اختتام

   


شہر کے مضافات میں بڑے جلسہ عام کی تیاری، ہزاروں کی تعداد میں کسان یاترا میں شریک
حیدرآباد: کانگریس رکن پارلیمنٹ اے ریونت ریڈی کی کسان بھروسہ یاترا کا 16 فروری کو شہر کے مضافاتی علاقہ راویرالا میں اختتام عمل میں آئے گا ۔ ریونت ریڈی نے اچم پیٹ سے پد یاترا کا آغاز کیا تھا اور وہ سرور نگر اسٹیڈیم میں جلسہ عام کے ذریعہ پد یاترا کا اختتام کرنا چاہتے تھے لیکن پولیس نے جلسہ کی اجازت نہیں دی ۔ لہذا راویرالا مقام کا انتخاب کیا گیا۔ واضح رہے کہ اس مقام کے انتخاب کی غیر معمولی اہمیت ہے کیونکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ حال ہی میں کسی مقام پر جلسہ عام سے خطاب کرچکے ہیں۔ ریونت ریڈی چاہتے ہیں کہ چیف منسٹر کے جلسہ سے زیادہ عوام کو جمع کرتے ہوئے اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں۔ اچم پیٹ سے پد یاترا کے آغاز کے بعد روزانہ پد یاترا میں شامل ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔ پد یاترا کے آخری مرحلہ میں 10,000 سے زائد افراد پد یاترا میں شریک ہیں۔ ریونت ریڈی راستہ میں کسانوں سے ملاقات کر رہے ہیں اس کے علاوہ چھوٹے کاروباریوں اور غریب مرد و خواتین سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل دریافت کر رہے ہیں۔ ریونت ریڈی کی مقبولیت کے نتیجہ میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ضلع کانگریس صدور نے پد یاترا میں حصہ لے کر اظہار یگانگت کیا۔ کانگریس کے کئی سینئر قائدین بھی یاترا میں شریک ہوئے۔ ریونت ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منگل کو 3 بجے دن راویرالا میں بڑی تعداد میں پہنچ کر مرکزی و ریاستی حکومتوں کی مخالف کسان پالیسیوں سے ناراضگی کا اظہار کریں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور نریندر مودی میں خفیہ مفاہمت کو بے نقاب کرتے ہوئے عوام کو باشعور بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مفادات کو کارپوریٹ شعبہ کے پاس رہن رکھنے کیلئے مرکز نے تین قوانین کو منظوری دی ہے ۔ ملک بھر میں کسانوں کے احتجاج کے باوجود مرکز اپنے فیصلہ پر قائم ہے۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مقدمات سے خوفزدہ ہوکر مرکزی حکومت کی تائید کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کسانوں کے مخالف قوانین پر ٹو ٹرن لیتے ہوئے ریاست میں کسانوں کی پیداوار کے خریدی مرکز کو بند کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر پد یاترا کا آغاز کیا گیا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ پد یاترا پارٹی میں مسابقت کیلئے نہیں ہے بلکہ عوام اور کسانوں کے مسائل کے حل کے لئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا اور دیگر قائدین اپنے اپنے انداز میں کسانوں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ اسمبلی اور پارلیمنٹ میں کانگریس پارٹی کسانوں کے مسائل پر آواز اٹھائے گی۔