رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی کانگریس ہائی کمان سے ناراض

   

کے سی وینو گوپال اور مانک راؤ ٹھاکرے نے منانے کی کوشش کی
حیدرآباد۔/6ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کے اسٹار کیمپینر اور رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے ہائی کمان کے رویہ پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے اہم اداروں سنٹرل الیکشن کمیٹی اور اسٹیٹ اسکریننگ کمیٹی میں انہیں شامل نہ کئے جانے پر وینکٹ ریڈی نے ناراضگی کا اظہار کیا اور وہ کچھ دنوں سے پارٹی سرگرمیوں سے دور تھے۔ وینکٹ ریڈی نے اسٹیٹ اسکریننگ کمیٹی کے صدرنشین مرلیدھرن سے ملاقات بھی نہیں کی۔ وینکٹ ریڈی کی ناراضگی کو دیکھتے ہوئے ہائی کمان نے مداخلت کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینوگوپال نے وینکٹ ریڈی سے فون پر بات چیت کی اور پارٹی کے کسی ادارہ میں اہم ذمہ داری دینے کا بھروسہ دلایا۔ جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے اور اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار نے وینکٹ ریڈی کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی اور انہیں کانگریس سرگرمیوں میں حصہ لینے کا مشورہ دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مانک راؤ ٹھاکرے سے وینکٹ ریڈی نے شکایت کی کہ اتم کمار ریڈی کو اسٹیٹ اور سنٹرل اسکریننگ کمیٹی میں شامل کیا گیا جبکہ انہیں رکن پارلیمنٹ ہونے کے باوجود کسی بھی کمیٹی میں نمائندگی نہیں دی گئی۔ وینکٹ ریڈی نے اسمبلی انتخابات میں اپنے حامیوں کو ٹکٹ دینے کی مانگ کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وینکٹ ریڈی نے کے سی وینو گوپال اور مانک راؤ ٹھاکرے کو یقین دلایا کہ وہ پارٹی سرگرمیوں سے وابستہ رہیں گے۔