سوشیل میڈیا پر قابل اعتراض پوسٹ نہ کرنے کا مشورہ، سابق رکن اسمبلی بی شوبھا کو رہا کرنے کا حکم
حیدرآباد۔7۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ڈی اروند اور سابق رکن اسمبلی جے شوبھا کو راحت پہنچاتے ہوئے فیصلہ سنایا ہے۔ ہائی کورٹ نے پولیس بنجارہ ہلز کو رکن پارلیمنٹ ڈی اروند کے خلاف سخت کارروائی نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف سوشیل میڈیا میں قابل اعتراض پوسٹ کرنے پر بنجارہ ہلز پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا ۔ ڈی اروند نے پولیس مقدمہ کو کالعدم قرار دینے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت دی کہ وہ ڈی اروند کے خلاف سخت کارروائی سے گریز کریں۔ عدالت نے مقدمہ کی تمام تفصیلات پیش کرنے کی پولیس کو ہدایت دی۔ ساتھ میں ڈی اروند کو ہدایت دی گئی کہ وہ سوشیل میڈیا پر قابل اعتراض پوسٹ کرنے سے گریز کریں ۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت 7 فروری کو ہوگی۔ اسی دوران عدالت نے بی جے پی کی سابق رکن اسمبلی بی شوبھا کو فوری رہا کرنے کا حکم دیا ۔ شوبھا کو پولیس نے کریم نگر میں بنڈی سنجے کے ساتھ اس وقت گرفتار کیا تھا جب جی او 317 کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ عدالت نے 25 ہزار روپئے کی ضمانت پر شوبھا کو رہا کرنے کا حکم دیا ۔ پولیس نے سابق رکن اسمبلی کو گرفتاری کے بعد عدالت میں پیش کیا تھا جہاں 14 دن کے لئے ریمانڈ کردیا گیا ۔ پولیس ریمانڈ کی منسوخی کیلئے شوبھا نے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ۔ عدالت نے ریمانڈ پر حکم التواء جاری کردیا اور کریم نگر پولیس کو ہدایت دی کہ گرفتاری سے متعلق تمام تفصیلات عدالت میں پیش کریں۔ آئندہ سماعت 7 فروری کو مقرر کی گئی۔ر
میلار دیو پلی کے کالونیوں میں آج برقی سربراہی مسدود
شمس آباد۔/7 جنوری، ( سیاست نیوز) راجندر نگر حلقہ کے میلاردیو پلی سب اسٹیشن کے کالونیوں میں 8جنوری کو برقی سربراہی مسدود رہے گی۔ سرینواس راؤ اے ای نے بتایا کہ برقی مینٹننس کا کام کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے کرسٹل ٹاؤن، جہانگیرآباد، میلار دیو پلی، احمد نگر، تمل بستی، علی نگر، وادی فرحان، سبحان ہلز، ملت نگر، نوری نگر، تلسی نگر، نوشکتی، لکشمی گوڑہ، راجیو گروہا کلپا، برنداون کالونی علاقوں میں صبح 10 بجے تا دوپہر 2 بجے تک برقی سربراہی مسدود رہے گی۔