رکن پارلیمنٹ کرشنم راجو علاج کیلئے نئی دہلی منتقل تحقیقات میں تعاون کرنے سپریم کورٹ کی ہدایت

   

حیدرآباد۔ وائی ایس آر کانگریس کے باغی رکن پارلیمنٹ رگھو رام کرشنم راجو کو آج آرمی ہاسپٹل سکندرآباد سے ڈسچارج کردیا گیا ۔ وہ بیگم پیٹ ایرپورٹ سے نئی دہلی کے لئے روانہ ہوگئے۔ بہتر علاج کے لئے وہ دہلی گئے ہیں جہاں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس سے رجوع ہوں گے ۔ رکن پارلیمنٹ کے رشتہ دار پہلے ہی نئی دہلی پہنچ چکے ہیں جو ان کی دواخانہ منتقلی میں مدد کریں گے ۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق سی آئی ڈی کو رکن پارلیمنٹ سے تفتیش کیلئے 24 گھنٹے پہلے نوٹس دینی ہوگی۔ ضمانت کی منظوری کے ساتھ سپریم کورٹ نے بعض شرائط رکھی ہیں جس کے تحت رکن پارلیمنٹ کو تحقیقات میں سی آئی ڈی سے تعاون کی ہدایت دی گئی ہے۔ سی آئی ڈی کورٹ میں ضمانت کاغذات داخل کرنے کیلئے 10 دن کی مہلت دی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ آندھراپردیش کی سی آئی ڈی نے 14 مئی کو رگھو رام راجو کو حراست میں لیا تھا۔ حراست کے دوران اذیت رسانی کی شکایت کے بعد عدالت نے آرمی ہاسپٹل سکندرآباد کے ڈاکٹرس کے ذریعہ میڈیکل رپورٹ طلب کی۔