رکن پارلیمنٹ کرشنم راجو کے افراد خاندان کی لوک سبھا اسپیکر سے ملاقات

   

جگن حکومت پر انتقامی کارراوئی کا الزام ، حکومت سے رپورٹ طلب کرنے اوم برلا کا تیقن
حیدرآباد: وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے باغی رکن پارلیمنٹ رگھو رام کرشنم راجو کے افراد خاندان نے نئی دہلی میں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے ملاقات کی۔ کرشنم راجو کی اہلیہ رما دیوی کے علاوہ فرزند بھرت اور دختر اندرا نے اسپیکر لوک سبھا سے شکایت کی کہ آندھراپردیش حکومت کرشنم راجو کے خلاف انتقامی کارروائی کر رہی ہے ۔ گورنر کو سی آئی ڈی تحقیقات اور عدالت کے احکامات کے باوجود جیل منتقل کرنے کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ کی گرفتاری سے قبل اسپیکر لوک سبھا کی اجازت حاصل کرنا ضروری ہے لیکن آندھراپردیش پولیس نے اسپیکر کی اجازت کے بغیر ہی گرفتاری عمل میں لائی ۔ اسپیکر کو بتایا گیا کہ پولیس تحویل کے دوران کرشنم راجو کو اذیتیں دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے لہذا اسپیکر کو فوری مداخلت کرنی چاہئے ۔ اسپیکر لوک سبھا نے اس معاملہ میں تلنگانہ حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق رکن پارلیمنٹ کے مراعات کی برقراری کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اسی دوران سپریم کورٹ کی ہدایت پرآرمی ہاسپٹل سکندرآباد میں کرشنم راجو کے طبی معائنے مکمل کرلئے گئے اور رپورٹ سربمہر لفافہ میں سپریم کورٹ رجسٹرار کو روانہ کردی گئی ہے۔