رکن پارلیمنٹ کڑپہ اویناش ریڈی کو ضمانت قبل از گرفتاری منظور

   

ملک سے باہرنہ جانے اور دیگرشرائط کا لزوم
حیدرآباد۔/31مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے سابق وزیر وائی ایس ویویکانند ریڈی قتل معاملہ میں الزامات کا سامنا کرنے والے رکن پارلیمنٹ کڑپہ اویناش ریڈی کو ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی ہے۔ اویناش ریڈی نے سی بی آئی کی جانب سے گرفتاری کے اندیشہ کے تحت ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست داخل کی تھی جس پر 27 مئی کو مباحث کی تکمیل ہوئی اور فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔ 26 مئی کو دن بھر عدالت میں فریقین کی جانب سے دلائل پیش کئے گئے جس کا سلسلہ 27 مئی کو بھی جاری رہا۔ جسٹس ایم لکشمن نے کہا کہ وہ اس بارے میں فوری طور پر فیصلہ دینے سے قاصر ہیں لہذا انہوں نے آج کی تاریخ فیصلہ کیلئے مقرر کی تھی۔ عدالت نے اویناش ریڈی کو مشروط ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی ہے۔ عدالت نے رکن پارلیمنٹ کو ہدایت دی کہ سی بی آئی کی اجازت کے بغیر ملک سے باہر نہ جائیں۔ گواہوں پر اثر انداز ہونے کی کوئی کوشش نہ کریں۔ ہر ہفتہ کو صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک سی بی آئی کے روبرو حاضر ہوں۔ عدالت نے تحقیقات میں سی بی آئی سے تعاون کرنے رکن پارلیمنٹ کو ہدایت دی۔ عدالت نے کہا کہ اگر اویناش ریڈی کو گرفتار کیا جائے تو انہیں 5 لاکھ روپئے کی ضمانت پر رہا کیا جائے۔ شرائط کی خلاف ورزی پر سی بی آئی ضمانت کی منسوخی کی درخواست کرسکتی ہے۔ر