رکن پارلیمنٹ کڑپہ کی ضمانت پر سپریم کورٹ کا حکم التواء

   

حیدرآباد۔21۔اپریل (سیاست نیوز) سابق وزیر وائی ایس ویویکانند ریڈی قتل معاملہ میں سپریم کورٹ نے اہم فیصلہ کیا ہے۔ رکن پارلیمنٹ کڑپہ وائی ایس اویناش ریڈی کو تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے منظور کردہ ضمانت قبل از گرفتاری پر حکم التواء جاری کردیا ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے 25 اپریل تک سی بی آئی کو اویناش ریڈی کی گرفتاری سے روکتے ہوئے عبوری احکامات جاری کئے تھے۔ وائی ایس ویویکانند ریڈی کی دختر ڈاکٹر سنیتا نے ہائی کورٹ کے احکامات کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس ٹی ایس نرسمہا پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے سماعت کی ۔ عدالت نے ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کردہ ضمانت کے احکامات پر حکم التواء جاری کردیا۔ درخواست گزار نے کہا کہ ہائی کورٹ نے ضمانت کی منظوری میں قواعد کی پابندی نہیں کی ہے۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ضمانت کی منطوری سے قتل کیس کی جانچ پر اثر پڑے گا اور رکن پارلیمنٹ تحقیقات پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے 30 اپریل تک تحقیقات مکمل کرنے کی سابقہ ہدایت کو دہرایا۔ر