حیدرآباد۔/26 اپریل، ( سیاست نیوز) سابق وزیر وائی ایس ویویکانند ریڈی قتل کیس میں رکن پارلیمنٹ کڑپہ اویناش ریڈی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر ہائی کورٹ میں کل جمعرات کو سماعت ہوگی۔ عدالت نے اس معاملہ کی آج سماعت کا فیصلہ کیا تھا لیکن ہائی کورٹ کے مقدمات کی فہرست میں یہ پٹیشن شامل نہیں ہے جس پر اویناش ریڈی کے وکیل نے عدالت سے سماعت کی درخواست کی۔ ججس نے واضح کیا کہ فہرست میں عدم موجود مقدمہ کی سماعت ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل اس معاملہ کی سہ پہر 3 بجے سماعت کی جائے گی۔ واضح رہے کہ سابق میں ہائی کورٹ نے اویناش ریڈی کو ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی تھی لیکن سپریم کورٹ نے اسے کالعدم کردیا تھا۔ اسی دوران قتل مقدمہ کے A1 ملزم ای گنگی ریڈی کی ضمانت کی منسوخی سے متعلق درخواست پر تلنگانہ ہائی کورٹ میں مباحث مکمل ہوگئے۔ سی بی آئی کے وکلاء نے ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ گنگی ریڈی گواہوں پر اثر اندازہوسکتے ہیں۔ گنگی ریڈی کے وکیل نے کہا کہ گواہوں اور مقدمہ پر اثر انداز ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ مباحث کی سماعت کے بعد عدالت نے فیصلہ جمعرات تک محفوظ کردیا۔ر