ممبئی۔ مہاراشٹرا کی راجدھانی ممبئی میں شیوسینا کے کارکنوں نے ہفتہ کو لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ نونیت رانا کی رہائش گاہ کے باہر ہنومان چالیسہ کے پاٹھ کے سلسلے میں زبردست ہنگامہ کیا جس کے بعد بھاری پولیس فورس تعینات کر دی گئی۔ محترمہ رانا نے آج مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کی رہائش گاہ ماتوشری کے سامنے ہنومان چالیسہ کا پاٹھ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد شیوسینا کے کارکنوں کی بڑی تعداد محترمہ رانا کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہو گئی۔ اس سے پہلے رکن پارلیمنٹ نے اعلان کیا تھا کہ وہ صبح 9 بجے ماتوشری پہنچیں گی اور ہنومان چالیسہ کا پاٹھ کریں گی۔ اس کے بعد شیوسینا کے کارکنوں نے ان کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج شروع کر دیا جس کی وجہ سے وہ اپنی رہائش گاہ سے باہر نہیں آ سکیں۔ احتجاج کے پیش نظر ممبئی کے کھر میں محترمہ رانا کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری تعینات کی گئی تھی۔