رکن کونسل جناب عامر علی خاں نے گاندھی بھون میں عوامی مسائل کی سماعت کی

,

   

وزراء اور عہدیداروں سے ربط، بی سی تحفظات کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مبارکباد
حیدرآباد 11 ۔ جولائی (سیاست نیوز) کانگریس ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں عوام سے ملاقات پروگرام کے تحت رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں نے آج عوامی مسائل کی سماعت کی۔ پرجا وانی پروگرام کے تحت صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے عوامی نمائندوں اور کارپوریشنوں کے صدور نشین کو گاندھی بھون میں عوامی مسائل کی سماعت کی ذمہ داری دی ہے۔ جناب عامر علی خاں نے شہر اور اضلاع سے آئے افراد کے مسائل کی سماعت کی اور درخواستوں کو وصول کیا۔ زیادہ تر درخواستیں اندراماں ہاؤزنگ اور حکومت کی دیگر اسکیمات سے استفادہ سے متعلق تھیں۔ جناب عامر علی خاں نے متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں سے ربط قائم کیا اور درخواستوں کی یکسوئی کی ہدایت دی۔ انہوں نے عہدیداروں اور وزراء کے نام مکتوب روانہ کرکے موصولہ درخواستوں کو حل کرنے کی خواہش کی۔ سوریا پیٹ سے تعلق رکھنے والے ایک ضعیف جوڑے نے جناب عامر علی خاں کو اپنی دکھ بھری داستاں سنائی۔ نوجوان فرزند کے دیہانت کے بعد یہ خاندان معاشی مسائل کا شکار ہے۔ جناب عامر علی خاں نے وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی اور رکن اسمبلی پدماوتی ریڈی سے ربط کرکے اندراماں ہاؤزنگ کے تحت مکان الاٹمنٹ اور چیف منسٹر ریلیف فنڈس سے مناسب امداد کی خواہش کی۔ صبح 11 تا ایک بجے دن تک عوامی سماعت کے دوران شہر کے مختلف علاقوں کے افراد بھی اپنے مسائل کے ساتھ رجوع ہوئے۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جناب عامر علی خاں نے کہا کہ عوامی مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں کی گاندھی بھون میں موجودگی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سماعت کے ذریعہ مسائل کی بروقت یکسوئی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ جناب عامر علی خاں نے پسماندہ طبقات کو مجالس مقامی میں 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کے فیصلہ پر چیف منسٹر ریونت ریڈی اور کابینی ارکان کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی جانب سے سماجی انصاف کی فراہمی کے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے کانگریس حکومت نے طبقاتی سروے کا اہتمام کیا اور آبادی کے اعتبار سے پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سماجی انصاف کے نظریہ کے تحت اقلیتی طبقات کی بھلائی اور ترقی کیلئے حکومت اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی اسکیمات میں ریونت ریڈی حکومت ملک کیلئے رول ماڈل بن چکی ہے۔1