رگھونندن راؤ کو ماؤسٹوں کے نام پر دھمکی آمیز کال

   

مدھیہ پردیش سے ماؤیسٹوں کے نام سے کال آنے کی شکایت
حیدرآباد ۔ 23۔ جون (سیاست نیوز) میدک کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ رگھونندن راؤ کو ماؤسٹوں کے نام پر ہلاک کرنے کی دھمکی دی گئی جس کے بعد پولیس نے چوکسی اختیار کرلی ۔ رگھونندن راؤ نے دھمکی آمیز فون کالس کے سلسلہ میں پولیس میں شکایت درج کی۔ بتایا جاتا ہے کہ رکن پارلیمنٹ میڑچل ضلع کے دمائی گوڑہ علاقہ میں ایک پروگرام میں شرکت کیلئے پہنچے۔ اس وقت انہیں فون کال موصول ہوا جس میں شام تک ہلاک کرنے کی دھمکی دی گئی۔ رگھونندن راؤ نے ڈائرکٹر جنرل پولیس، ضلع ایس پی اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کو شکایت کی ہے۔ مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے ماؤسٹ کی حیثیت سے کالر نے اپنی شناخت کرائی۔ پیپلز وار ماؤسٹ تنظیم کا نمائندہ ظاہر کرکے کالر نے پیر کی شام تک ہلاک کرنے کی دھمکی دی۔ یہ فون کال رگھونندن راؤ کے پرسنل اسسٹنٹ نے ریسیو کیا تھا ، اسی دوران رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ وہ اس طرح کی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔ وہ کسی بھی صورتحال کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ پولیس نے فون نمبر کا پتہ چلاکر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔1