رہانے وانکھڑے اسٹیڈیم میں ٹسٹ کھیلنے کا خواہاں

   

ممبئی۔ اجنکیا رہانے کبھی ہمت نہیں ہارتے اور وانکھیڑے اسٹیڈیم میں آئی پی ایل 2023 کی تیز ترین نصف سنچری کے ساتھ کرکٹ کی دنیا کو حیران کرنے کے بعد، اپنے ہوم گراؤنڈ پر ٹسٹ میچ کھیلنے کے لیے بے تاب ہے۔ سی ایس کے ڈیبیو پر رہانے نے صرف27 گیندوں پر اپنے61 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جس میں سات چوکے اور تین چھکے لگائے اور سیزن کی تیز ترین نصف سنچریصرف 19 گیندوں پر بنائی۔ ممبئی انڈینس کے خلاف 158 کا تعاقب کرتے ہوئے، چینائی نے 18.1 اوور میں 159/3 کی شکل میں مطلوبہ نشانہ حاصل کرلیا ۔شاندار کارکردگی پر انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ وانکھیڑے میں کھیلنا پسند کرتا ہوں۔ میں نے یہاں کبھی ٹسٹ نہیں کھیلا۔ میں یہاں ایک ٹسٹ کھیلنا چاہوں گا۔ رہانے جنہوں نے ہندوستان کو 2021 میں آسٹریلیا میں مشہور ٹسٹ سیریز جیتنے میں قیادت کی تھی اب وہ چینائی کا حصہ ہیں اور اپنے پہلے ہی مقابلے میں انہوں نے شاندار بیٹنگ کی ۔ رہانے کو شاید موقع نہیں ملتا کیونکہمعین علی کی چوٹ نے انہیں ایک موقع فراہم کیا۔ رہانے نے مزید کہاکہ آج مجھے گیارہ میں اپنی جگہ کا یقین نہیں تھا۔ مجھے ٹاس سے ٹھیک پہلے معلوم ہوا۔دھونی کے کہنے پر میں نے بے خوف ہوکر کھیلا۔