رائچور /4 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بے روزگار اور پریشان حال چھوٹے کاروباری افراد جن کے پاس کاروبار کے لیے ذاتی ٹھیلہ بنڈیاں تک نہیں تھیں رائچور کے بازاروں اور مارکٹ کے علاقوں میں صفا بیت المال کی سروے ٹیم نے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ایسے ایک سو افراد کی فہرست تیار کی جو کرایہ سے ٹھیلہ بنڈی لے کر کاروبار کررہے تھے ۔ الحمد للہ بتاریخ 3 اکٹوبر بمقام گرین پیالیس رائچور میں پندرہ لاکھ روپیے مالیتی ٹھیلہ بنڈیاں مع ساز و سامانِ تقسیم کی گئیں۔ واضح ہو کہ یہ قابل تحسین اقدام رہبر فاونڈیشن اور صفا بیت المال کے اشتراک سے انجام پایا اور رائچور کی رفاہی تنظیم ایفاء فاونڈیشن کے والینٹرس نے مستحق کاروباریوں کے سروے اور تقسیم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس موقع پر مولانا غیاث احمد رشادی صدر صفا بیت المال نے ایک سو مستحق افراد سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ کامیاب کاروباری کی علامت یہ ہوتی ہے کہ وہ اپنے گاہک کو مطمئن اور خوش رکھتا ہے اور اپنی سچائی سے گاہک کا دل جیت لیتا ہے۔مولانا نظام الدین رشادی نے فرمایا کہ اپنی معیشت کو محنت کے ذریعہ مستحکم کرنا بھی فرض ہے۔ جناب مصباح الدین بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے کاروبار کی اہمیت کو سمجھایا اور کفایت شعاری کے ساتھ کاروبار کرنے کی تلقین کی ۔ حافظ مبشر خان ، محمد مسلم انصاری، خواجہ پاشاہ، محمد عمران ، منظور عالم، میر عرفان، شیخ عبد الوحید،سید بلال الحسن نے اس تقسیم میں حصہ لیا۔