حیدرآباد۔ ٹاسک فورس پولیس نے 5 رکنی رہزنوں کی ٹولی کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے مسروقہ رقم برآمد کرلی۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹولی کا سرغنہ سید فاروق پاشاہ ہے جو کوٹھی میں فارمیسی شاپ کا ملازم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ چند دنوں سے معاشی تنگی کا شکار تھا جس کے نتیجہ میں اس نے اسی فارمیسی مارکٹ کے ایک تاجر جو روزانہ اپنے ساتھ کاروبار کی رقم مکان لے جاتا ہے اسے لوٹ لینے کا منصوبہ بنایا۔ اس سلسلہ میں فاروق پاشاہ نے اپنے ساتھیوں عامر خان، محمد وسیم، عبدالقادر حسین اور سید سمیر کے ساتھ مل کر مسلسل دس دنوں تک اس تاجر پر نظر رکھی اور 4 جولائی کو منصوبہ بند طریقہ سے اسے پتلی باؤلی چوراہا کے قریب اسکرو ڈرائیور سے حملہ کرکے اس تاجر کے پاس موجود 3 لاکھ 30 ہزار نقد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔ افضل گنج پولیس نے اس سلسلہ میں رہزنی کا ایک مقدمہ درج کیا تھا اور ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے اس ٹولی کا کامیاب طور پر پتہ لگاتے ہوئے پانچوں ملزمین کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 2 لاکھ 60 ہزار نقد رقم ، دو موٹر سیکلیں، چاقو، اسکرو ڈرائیور اور دیگر اشیاء ضبط کرلی۔ انجنی کمار نے کہا کہ سید فاروق پاشاہ کے خلاف سابق میں سلطان بازار پولیس میں دھوکہ دہی کا کیس درج ہے جبکہ سید فیاض، عامر خان سابق میں مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔