حیدرآباد ۔ /16 جنوری (سیاست نیوز) رچہ کونڈہ پولیس نے رہزنی کی سلسلہ وار وارداتوں میں ملوث دو عادی رہزنوں کی بین ریاستی ٹولی کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس کرائمس مسٹر کے آر ناگراج نے بتایا کہ 48 سالہ سید عبدالرحمن عرف مجاہد متوطن ضلع بیدر کرناٹک نے اپنے ساتھی 33 سالہ محمد جاوید ساکن امان نگر ، بھوانی نگر کی مدد سے علاقہ کلثوم پورہ ، ہمایوں نگر ، پنجہ گٹہ ، گاندھی نگر ، آصف نگر کے علاوہ صنعت نگر ، سرور نگر اور دیگر کئی علاقوں میں 22 سرقہ کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عبدالرحمن کو سال 2004 ء میں سرقہ کی واردات میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا جہاں پر اس کی ملاقات دیگر مجرمین سے ہوئی تھی ۔ وہ سلسلہ وار رہزنی اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے اور سال 2007 ء میں جنواڑہ ، بیدر میں پولیس اسکواڈ سے فرار ہوگیا تھا ۔ مسٹر ناگراج نے کہا کہ گرفتار رہزنوں کے قبضے سے پولیس نے دو لاکھ 25 ہزار مالیتی مسروقہ مال بشمول 20 تولے طلائی زیورات اور موبائیل فون ضبط کرلئے ۔ گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کیا گیا ۔