حیدرآباد ۔ /2 اکٹوبر (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں رہزنی کی وارداتوں میں ملوث ایک عادی سارق کو گرفتار کرنے میں پولیس کوکٹ پلی نے کامیابی حاصل کرلی ۔ بتایا جاتاہے کہ 28 سالہ کے رمنا متوطن ضلع محبوب نگر روزگار کی تلاش میں اپنے باپ کے ساتھ شہر منتقل ہوا تھا اور معظم جاہی مارکٹ کے قریب پان کی دوکان پر ملازمت کیا کرتا تھا اور بعد ازاں اس نے ملبوسات کا کاروبار شروع کیا جس میں اس کو کافی نقصان ہوا ۔ آسانی سے روپئے کمانے اور نقصان کی بھرپائی کیلئے اس نے اپنی ہیرو ہونڈا ایکٹیوا موٹر سائیکل پر رہزنی کرنا شروع کیا اور علاقہ کوکٹ پلی میں ایک خاتون کے گلے سے طلائی چین اڑالی تھی لیکن پولیس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے رہزن کے رمنا کی گاڑی کی نشاندہی کرتے ہوئے اس تک پہونچ گئی اور گرفتار کرلیا ۔ کوکٹ پلی پولیس کے کرائم عملہ نے گرفتار ملزم کے قبضے سے مسروقہ طلائی چین جس کی مالیت 1.5 لاکھ ہے ضبط کرلی ۔ گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔