رہنمائے دکن کی صدسالہ اور انڈوعرب لیگ حیدرآباد کی عنقریب گولڈن جوبلی تقاریب

   

حیدرآباد8؍مارچ(یواین آئی)اردو دنیا کے قدیم ترین اخبار روزنامہ رہنمائے دکن کی صدسالہ اور انڈو عرب لیگ حیدرآباد کی گولڈن جوبلی تقاریب کے شاندار پیمانے پر انعقاد کے لئے وسیع پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں۔ یہ انکشاف جناب سید وقارالدین ایڈیٹر روزنامہ رہنمائے دکن و چیرمین انڈوعرب لیگ نے کیا۔ وہ 7مارچ کی شام اپنی قیام گاہ پر میڈیا سے وابستہ ممتاز شخصیات کے اعزاز میں ترتیب دئیے گئے عشائیہ میں مخاطب تھے ۔ تلنگانہ کے وزیر داخلہ محمد محمود علی، بی بی سی کے سابق ڈپٹی بیورو چیف مسٹر ستیش جیکب، سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے سابق میڈیا اڈوائزر اور GO نیوز کے ایڈیٹر مسٹر پنکج یچوری، سادیکا تیواری، جناب ظفر جاوید سکریٹری سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی، ڈاکٹر میر اکبر علی خاں خازن سلطان العلو ایجوکیشن سوسائٹی، احمد امیرالدین اور ڈاکٹر سید فاضل حسین پرویز اس موقع پر موجود تھے ۔ جناب محمد محمود علی نے رہنمائے دکن کے تزئین و آرائش نو کردہ دفتر کا افتتاح کیا اور فوٹو گیلری کا مہمانوں کے ساتھ مشاہدہ کیا جس میں جناب سید وقارالدین کے علیگڑھ کے دور طالب علمی کے علاوہ دنیا کے مختلف مقتدر شخصیات کے ساتھ تصاویر شامل ہیں۔ جناب محمود علی نے رہنمائے دکن کی صحافتی’ سید وقارالدین کی ملی و قومی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور یقین دہانی کروائی کہ رہنمائے دکن کے صد سالہ تقاریب کا شاندار پیمانے پر انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ مہمانوں کو بتایا گیا کہ کس طرح سے رہبر دکن سے رہنمائے دکن تک کا صبر آزما اور آزمائشی سفر 98برس سے جاری ہے ۔ اس طرح سے 1969ء، 1972ء میں رہنمائے دکن نے علیحدہ تلنگانہ تحریک کی تائید کی اور اس کے لئے کتنی قربانیاں دیں۔ انڈوعرب لیگ حیدرآباد نے ہندوستان اور عالم عرب کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں کس قدر اہم رول ادا کیا۔ اقوام متحدہ نے اسے مسلمہ قرار دیا۔ جناب سید وقارالدین کو مراقش کا باوقار سیویلین ایوارڈ سے نوازا گیا اور فلسطین کے سب سے باوقار ایوارڈ اسٹار آف یروشلم پیش کیا گیا یہی نہیں بلکہ اقوام متحدہ نے جو گولڈ میڈل فلسطین کو ایک مملکت کے طور پر تسلیم کرتے ہوئے پیش کیا تھا صدر فلسطین محمود عباس نے اسے جناب سید وقارالدین کو پیش کیا۔مسٹر ستیش جیکب اور پنکج یچوری نے کہا کہ رہنمائے دکن کی خدمات بلاشبہ غیر معمولی اور مثالی ہے ۔ آج کے دور کے صحافی اس سے سبق حاصل کرسکتے ہیں۔