میدک میں جشن تلنگانہ کے تحت یوم صحت پروگرام، رکن اسمبلی پدما دیویندر ریڈی کا خطاب
میدک۔/15 جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی میدک محترمہ ایم پدما دیویندر ریڈی نے کہا کہ طبی عملہ کی خدمات نہایت ہی اہمیت کی حامل اور انمول ہوتی ہیں۔ رکن اسمبلی پدما دیویندر ریڈی نے میدک ضلع کلکٹر مسٹر راجرشی شاہ کے ہمراہ میدک کے مایاگارڈنس میں جشن تلنگانہ و ہائی کے حصہ کے طور پر منعقدہ یوم صحت کے موقع پر شمع روشن کرنے کے بعد عوامی نمائندوں اور طبی عہدیداروں و ملازمین کے ہمراہ منعقدہ اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اس موقع پر 20 حاملہ خواتین میں کے سی آر نیوٹریشن کٹس کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس طرح اے این ایم ایس میں بی پی چیک کرنے والی مشینوں کی تقسم بھی عمل میں آئی۔ ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر ڈاکٹر چندو نائیک اورضلع سپرنٹنڈنٹ آف ایریا ہاسپٹل ڈاکٹر پی چندر شیکھر کی صدارت میں اس پروگرام ’ یوم صحت ‘ کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسر ڈاکٹر چندو نائیک نے رکن اسمبلی کے ہاتھوں ضلع میں میڈیکل اینڈ ہیلت کی جانب سے انجام دیئے گئے پروگرمس اور پیش رفت پر مبنی طبع شدہ پملٹس کی رسم اجرائی عمل میں لائی گئی۔ رکن اسمبلی کے ہاتھوں آشا ورکرس میں ساڑیوں کی تقسیم عمل میں آئی۔ قبل ازیں رکن اسمبلی پدما دیویندر ریڈی نے میڈیکل آفیسرس کے ہمراہ مقامی گورنمنٹ مدر اینڈ چائیلڈ ہاسپٹل کا دورہ کرتے ہوئے شریک حاملہ خواتین میں فروٹس تقسیم کئے۔ انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ریاستی وزیر اعلیٰ نے حاملہ خواتین میں خون کی کمی کے واقعات کو کم کرنے اور ایک صحت مند بچہ کو جنم دینے کیلئے غذائیت سے بھرپور کے سی آر کٹس فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت طبی شعبہ کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور طبی نظام میں کئی ایک تبدیلیاں لاکر ریاست کو صحت مند تلنگانہ کی طرف گامزن کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں بستی دواخانے ، سب ہیلت مراکز قائم کرتے ہوئے جدید عمارتیں بھی تعمیر کی جارہی ہیں۔ انہوں نے واضح کہا کہ مرکزی حکومت نے تلنگانہ میں ایک بھی میڈیکل کالج کی منظوری نہیں دی جبکہ چیف منسٹر ہر ضلع میں ایک میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لانے کیلئے سنجیدہ ہیں۔ اب تک 21 اضلاع میں میڈیکل کالجس قائم ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میدک مدر اینڈ چائیلڈ ہاسپٹل میں ایک ہی دن میں 25 نارمل ڈیلیوریز کی گئی ہیں جو ایک منفرد کارنامہ ہے۔ انہوں نے یہاں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرس اور میڈیکل عملہ کی خدمات کی ستائش کی۔ اس موقع پربرج کورس مکمل کرنے والے چار آیوش ڈاکٹرس کو اور طبی خدمات میں بہترین کارکردگی پر ANMS کو توصیفی سندیں دیتے ہوئے شال پوشی کے ذریعہ تہنیت پیش کی گئی۔ اس موقع پر ضلع پریشد وائس چیرپرسن محترمہ لاوانیا ریڈی، افکو ڈائرکٹر ایم دیویندر ریڈی، صدرنشین ونائب صدرنشین بلدیہ میدک مسرز چندرا پال، ملکارجن گوڑ، ڈاکٹر شیوا دیال، ڈاکٹر نوین، ڈاکٹر توصیف احمد کے علاوہ پی ایچ سی ڈاکٹرس ، نرسیس، اے این ایم، ارکان ضلع پریشد و منڈل پریشد، بلدی کونسلرس آر کے سرینواس، سمیع اللہ، سید عمر محی الدین، جئے راج، ایم گنگادھر، کرشنا ریڈی، صدر بی آر ایس ٹاؤن اقلیتی ونگ خواجہ سہیل محی الدین، زبیر، مہتاب کے علاوہ دیگر شریک تھے۔