ریاستوں ، مرکزی زیرانتظام علاقوں کیلئے ایمرجنسی پیکیج منظور

,

   

کورونا وائرس سے نمٹنے ضروری طبی آلات اور ادویات کے حصول کیلئے مرکزی حکومت کے اقدامات

نئی دہلی۔9اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) مرکز نے کورونا وائرس Covid-19 سے نمٹنے ایمرجنسی پیکیج کو منظوری دے دی ہے ۔ قومی اور ریاستی ہیلت سسٹم کو بہتر بنانے کے مقصد سے یہ پیکیج تیار کیا گیا ہے ۔ پیکیج کی مدد سے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کا علاج کرنے اور طبی عملے کو حفاظتی آلات کے حصول میں آسانی پیدا کی جائے گی ۔ ضروری طبی آلات اور ادویات کے حصول کے علاوہ کورونا وائرس سے متاثرین کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کیلئے نگرانی آلات کو بھی مضبوط بنایا جائے گا ۔ تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے ایڈیشنل چیف سکریٹریز ، پرنسپال سکریٹریز اور کمشنرز ( ہیلت) کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے وزارت صحت نے کہا کہ صد فیصد مرکزیت والے اس امدادی پیکیج کو جنوری 2020ء سے مارچ 2024ء تک تین مرحلوں میں روبہ عمل لایا جائے گا ۔ ایمرجنسی Covid-19 کے اقدامات کا مقصد قومی اور ریاستی ہیلت سسٹم کو مضبوط بنانا ہے ۔وباؤں کی روک تھام کے علاوہ وباء سے نمٹنے تیاری کرنا اور ضروری طبی آلات کے حصول کو یقینی بنانا قابل استعمال ادویات حاصل کرنے کے ساتھ طبی سرگرمیوں پر نگرانی کو مضبوط بنایا جائے گا ۔ اس پیکیج کی مدد سے ملک بھر میں لیباریٹریز اور بائیو سیکوریٹی کو بھی تیار کیا جائے گا ۔ اس مکتوب کے مطابق مرکزی وزارت صحت نے بتایا کہ مرکز نے ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کیلئے فنڈ جاری کئے ہیں ۔ یہ فنڈس قومی صحت مشن کے تحت دیا گیا ہے جس پر جون 2020ء تک مرحلہ ایک میں روبہ عمل لایا جائے گا ۔ مرحلہ 1کے تحت جن کلیدی سرگرمیوں کو روبہ عمل لایا جائے گا اُس میں Covid-19 سے موسوم دواخانوں کو فروغ دیا جائے جہاں پر ایسولیشنس بلاکس تعمیر کئے جائیں ، آئی سی یوز میں بھی معہ وینٹی لیٹر آکسیجن کی سربراہی کی سہولتیں بھی ہوں گی ۔ لیباریٹریز کو بہتر بنایا جائے گا یہاں پر مزید انسانی وسائل کو مشغول کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ کمیونٹی ہیلت والینٹرس کی بھی خدمت حاصل کی جائیں گی ۔ ہر ریاست میں مریضوں سے حاصل کردہ نمونے منتقل کرنے کیلئے گاڑیوں کی فراہمی ، ڈائگناسٹک سنٹرس اور لیبیاریٹریز کی نشاندہی کی جائے گی ۔ مرکزی وزارت صحت نے ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اس فنڈ کو شخصی حفاظتی آلات کی خریداری اور N-95 ماسکس کے حصول اور وینٹی لیٹرس کے انتظامات کیلئے بھی خرچ کیا جائے گا ۔ مرکزی حکومت نے ان آلات کی خریداری کیلئے مکمل اجازت دے دی ہے ۔ مرکز کے ایمرجنسی پیکیج کو جنوری 2020ء سے مارچ 2024ء کے دوران تین مرحلوں میں روبہ عمل لایا جائے گا ۔ مرحلہ 2 جولائی سے مارچ 2021ء تک جاری رہے گا ۔ مرحلہ 3 اپریل 2021سے مارچ 20204ء تک شروع کیا جائے گا ۔