ریاستوں پر اقتدار کا بے جا استعمال دستور کے مغائر

   

عوام میں دستوری حقوق پر شعور بیداری ، یوم دستور تقریب سے ونود کمار کا خطاب

حیدرآباد۔26۔نومبر (سیاست نیوز) نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے کہا کہ ریاستوں پر مرکز کی جانب سے دباؤ اور اقتدار کا بے جا استعمال دستور کی روح کے خلاف ہے۔ انہوں نے رویندرا بھارتی میں ایس سی ، ایس ٹی دانشوروں کی فورم کی جانب سے منعقدہ یوم دستور تقریب سے خطاب کیا۔ ونود کمار نے دستور ہند کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی تصویر پر پھول نچھاور کئے ۔ انہوں نے کہا کہ دستور ہند نے ریاستوں کو ہی اختیار دیئے ہیں۔ ہندوستان کا مطلب ریاستوں کا مکمل اشتراک ہے اور ہم وفاقی نظام کے پابند ہیں۔ ریاستوں کی معاشی خود مختاری کا تحفظ کرنا مرکز کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دستورکے خلاف کام کرنے کی صورت میں مرکز اور ریاستوں کی سطح پر مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت عوامی شعبہ کے اداروں کو خانگی شعبہ کے حوالے کرتے ہوئے ایس سی، ایس ٹی ، بی سی ملازمین کے روزگار کو ختم کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے عوامی شعبہ کے اداروں کے خانگیانے کی مخالفت کی۔ ونود کمار نے کہا کہ دستور میں دیئے گئے حقوق کے تحفظ کے لئے جدوجہد کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے ۔ ہر شخص کو دستور کے بارے میں کم سے کم معلومات ہونی چاہئے ۔ انہوں نے منڈل ، ضلع اور ریاستی سطح پر ایس سی ایس ٹی اور بی سی دانشوروں کی جانب سے شعور بیداری اجلاس منعقد کرنے کا مشورہ دیا۔ تلنگانہ بی سی کمیشن کے صدرنشین وی کرشنا موہن ، دانشوروں کے فورم کے صدرنشین آر راجندر اور دوسروں نے مخاطب کیا۔ ر