ریاستوں کو ویکسین کی راست خریدی کا اختیار دیا جائے

   

ملک میں قلت کے لیے مرکز ذمہ دار، کے ٹی راما راؤ کا الزام
حیدرآباد: وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے تلنگانہ کے علاوہ ملک بھر میں ویکسین کی قلت کے لئے مرکزی حکومت کو ذمہ دار قرار دیا۔ کووڈ۔19 ٹاسک فورس کمیٹی کے صدرنشین کی حیثیت سے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ حیدرآباد میں کورونا ویکسین کی تیاری کے مراکز کی موجودگی کے باوجود عوام کو ٹیکہ اندازی میں دشواری افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا کورونا ویکسین تیاری کمپنیوں پر کنٹرول نہیں ہے بلکہ مرکزی حکومت کنٹرول کر رہی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی بار بار ٹیم انڈیا اسپرٹ کی بات کرتے ہیں لیکن انہیں عملی طور پر اس کا مظاہرہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ریاستوں کے عوام کو ٹیکہ کے حصول میں دشواریوں کا سامنا ہے ۔ ان حالات میں کورونا سے مقابلہ کرنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے ٹیکہ کی پیداوار میں اضافہ کی تجویز پیش کی اور کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہر فرد کو ٹیکہ کی خوراک دینا ہے ۔ ویکسین کے بارے میں ریاستوں کی جانب سے سربراہی کے مطالبہ کے باوجود مرکز سے سربراہی محدود ہے ۔ تلنگانہ حکومت نے اس مسئلہ پر مرکز سے بات چیت کی ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ کو ایک کروڑ ویکسین کی خوراک سربراہ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں کو اس بات کا اختیار دیا جائے کہ وہ ٹیکہ تیار کرنے والی کمپنیوں سے راست طور پر ویکسین حاصل کریں۔ پنجاب کے علاوہ دیگر سات ریاستوں نے یہی مطالبہ کیا ہے لیکن مرکزی حکومت ریاستوں کو ویکسین حاصل کرنے کی اجازت دینے میں تامل کر رہی ہے۔