نئی دہلی ۔ 18جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) مودی حکومت نے راجیہ سبھا کو جمعرات کے دن بتایا کہ دانشوران نیتی آیوگ نے ریاستوں کو خصوصی موقف دینے کے جس طریقہ کو کالعدم کردیا تھا اسے دوبارہ بحال کرنے کا حکومت کا کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔ اعداد و شمار و منصوبہ بندی کے مملکتی وزیر اندرجیت سنگھ نے کانگریس کے قائد بپن بوراکے ایک سوال کے جواب میں جس میں انہوں نے دریافت کیا تھا کہ کیا حکومت کا آسام اور دیگر ریاستوں کے خصوصی موقف کو بحال کرنے کا منصوبہ ہے ۔ اس کا جواب دیتے ہوئے اندرجیت سنگھ نے ’’ نفی ‘‘ میں جواب دیا ۔ بورا یہ بھی جاننا چاہتے تھے کہ آسام اور ملک کی دیگر ریاستوں کو خصوصی موقف دینے سے انکار ملک کی وفاقیت کے مغائر تو نہیں ہے ؟ ملک کی بہت سی ریاستیں جن میں آندھراپردیش ، بہار ، مغربی بنگال شامل ہیں ، اب بھی اس بات کا مطالبہ کررہے ہیں کہ مرکز انہیں خصوصی موقف عطا کرے ۔ وزیر موصوف سے جب اچھی کارکردگی انجام دینے والی ریاستوں کی دستاویز تیار کرنے کے بارے میں پوچھا ، جس سے ریاستوں میں وفاقی مسابقت کو فروغ حاصل ہوسکتا ہے تو انہوں نے کہا کہ ’’ ہم نے اب تک کوئی ایسی دستاویز تیار نہیں کی ، تاہم یہ تجویز معقول ہے اور ہم اس پر غور کریں گے ۔