نئی دہلی ۔ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اب بھی کورونا ویکسین کی 1.05 کروڑ سے زیادہ خوراکیں ہیں۔ مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ وزارت نے کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور ریاستوں کے پاس اب بھی 1،05،61،861 کورونا ویکسین کی خوراک دستیاب ہے ۔ آئندہ تین دن میں کورونا ویکسین کی47,43,580 سے زیادہ خوراکیں دستیاب کرادی جائیں گی۔ وزارت نے بتایا کہ مرکز نے اب تک ریاستوں کو 26,69,14,930کورونا ویکسین کی خوراکیں فراہم کی ہیں جن میں سے 25,67,21, 069 خوراکیں استعمال کی جاچکی ہیں۔ وزارت نے اپنے بیان میں کہا ‘‘مرکزی حکومت ملک بھر میں ویکسینیشن مہم کے ایک حصے کے طور پر ریاستوں اور مرکز کے زیر کنٹرول علاقوں کو کوڈ ویکسین مفت فراہم کرکے ان کی مدد کر رہی ہے ۔ اس کے علاوہ مرکزی حکومت ریاستوں اور مرکزکے زیر انتظام ریاستوں کی طرف سے براہ راست ٹیکوں کی خریداری میں بھی مدد فراہم کررہی ہے ۔ ٹسٹنگ ، ٹریسنگ اور علاج کے ساتھ ساتھ ویکسی نیشن وبائی امراض کی روک تھام اور انتظام کے لئے مرکزی حکومت کی جامع حکمت عملی کا یہ ایک لازمی ستون ہیں۔ دریں اثنا ، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے 60،471 نئے کیسز درج ہوئے ہیں اور اس مہلک اور عالمی وبا کی وجہ سے 2،726 مریض ہلاک ہوئے ہیں۔
کشمیر:سخت گرمیوں کے بعد بارش سے موسم خوشگوار
سرینگر۔ وادی کشمیر میں سخت گرمیوں کے بعد گزشتہ چند روز سے مسلسل بہتر موسمی صورتحال بنی ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ درمیانی درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسم کی یہی صورتحال اگلے چند روز تک جاری رہ سکتی ہے تاہم شدید بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے ۔ موصوف ترجمان نے کہا کہ موجودہ موسمی صورتحال سے لوگوں کو گرمی کی شدت سے راحت نصیب ہوئی ہے ۔ انہوں نے باغ مالکان سے فی الوقت دوا پاشی کرنے سے احتراز کرنے کی اپیل کی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارحکومت سری نگر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ وادی کشمیر کے مشہور ترین سیاحتی مقام گلمرگ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 0.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ سرحدی ضلع کپوارہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔ دریں اثنا وادی میں منگل کے روز بھی مطلع پر گہرے بادل چھائے رہے جنہوں نے آفتاب کو باہر نکلنے میں رکاوٹیں پیدا کیں۔
وادی میں منگل کی صبح کہیں کہیں درمیانی درجے کی بارشیں بھی ہوئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں منگل کو درجہ حرارت میں گرائوٹ درج کی گئی ہے ۔