ریاستی اسمبلی اور کونسل کے مانسون سیشن کا 3 اگست سے آغاز

   

31 جولائی کو ریاستی کابینہ کا اجلاس ، ایجنڈہ میں 50 امور کی شمولیت
حیدرآباد ۔28۔ جولائی (سیاست نیوز) ریاستی قانون ساز اسمبلی اور قانون ساز کونسل کا مانسون سیشن 3 اگست سے شروع ہوگا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج عہدیداروں کے ساتھ مشاورت کے بعد مانسون سیشن کی تاریخ کا تعین کیا ہے۔ سیشن کے پہلے دن بزنس اڈوائزری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں ایجنڈہ اور ایام کار کو قطعیت دی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت بعض آرڈیننس کو بل میں تبدیل کرنے کیلئے ایوان میں پیش کرسکتی ہے۔ اس کے علاوہ بعض ترمیمی بلز پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ ریاستی گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن کی جانب سے جن سرکاری بلز کو کلیئرنس کے بغیر نظر ثانی کیلئے واپس کردیا گیا ، حکومت ان میں ترمیم کے ساتھ بلز کو دوبارہ اسمبلی میں پیش کرسکتی ہے۔ مانسون سیشن ایک ہفتہ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اسی دوران 31 جولائی کو ریاستی کابینہ کا اجلاس طلب کیا گیا۔ سکریٹریٹ میں منعقد شدنی اجلاس میں 40 تا 50 امور پر مباحث اور فیصلوں کا امکان ہے ۔ کابینہ میں ریاست کی سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے بچاؤ راحت کے کاموں کی تفصیلات حاصل کی جائیں گی۔ متاثرہ اضلاع میں حکومت سے کئے گئے امدادی اقدامات کا جائزہ لیا جائیگا۔ کسانوں کی زرعی سرگرمیوں میںغیر موسمی بارش سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ کسانوں کو متبادل فصلوں کے لئے رہنمائی کی جائے گی۔ بارش اور سیلاب کے سبب سڑکوں کو ہوئے نقصانات کی تعمیر و مرمت کے لئے کابینہ میں بجٹ منظور کیا جائے گا۔ اجلاس میں آر ٹی سی کے دیرینہ مسائل پر تبادلہ خیال ہوگا۔ آر ٹی سی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اور دیگر امور کو ایجنڈہ میں شامل کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گورنر کوٹہ کے تحت قانون ساز کونسل کی دو نشستوں پر پارٹی امیدواروں کے ناموں پر غور ہوسکتا ہے۔