ریاستی الیکشن کمشنر کی چندرا بابو نائیڈو سے وفاداری :اے پی چیف منسٹر جگن

   

مجالس مقامی انتخابات کے التواء کے خلاف حکومت آندھرا پردیش سپریم کورٹ سے رجوع
امراوتی 16 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ریاستی الیکشن کمشنر این رمیش کمار پر ریاست میں مجالس مقامی انتخابات کو کورونا وائرس کی وجہ سے چھ ہفتوں کیلئے ملتوی کرنے پر تنقید کی ہے اور جانبداری کا الزام عائد کیا ہے ۔ جگن موہن ریڈی نے کہا کہ این رمیش کمار اسی ذات سے تعلق رکھتے ہیں جس سے تلگودیشم سربراہ چندرا بابو نائیڈو کا تعلق ہے ۔ رمیش کمار کا تقرر بھی چندرا بابو نائیڈو نے کیا تھا اور اب رمیش کمار اپنی ذات سے وفاداری کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ اس دوران پی ٹی آئی کے بموجب حکومت آندھرا پردیش نے سپریم کورٹ میں ایکد رخواست دائر کرتے ہوئے مجالس مقامی انتخابات کو چھ ہفتوں کیلئے ملتوی کرنے کے احکام کو چیلنج کیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے کورونا وائرس کو وجہ بتا کر انتخابات کو ملتوی کیا تھا ۔ اسکے علاوہ ہائیکورٹ میں بھی اسی مسئلہ پر ایک خانگی درخواست دائر کی گئی ۔ ذرائع کے بموجب حکومت نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جس پر منگل کو سماعت ہوسکتی ہے ۔