بی جے پی ریاست کے کئی بلدیات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی ، ڈاکٹر لکشمن کا ادعاء
حیدرآباد /22 جنوری ( سیاست نیوز ) صدر ریاستی بی جے پی ڈاکٹر کے لکشمن نے ریاست میں آج منعقدہ بلدی انتخابات کے موقع پر مختلف بلدیات میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی پر بوگس رائے دہی کروانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ پولیس اور ریاستی الیکشن کمیشن ٹی آر ایس بوگس رائے دہی کو روکنے میں ناکام رہے لیکن انہوں نے اپنے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی بوگس رائے دہی کیلئے پولیس اور ریاستی الیکشن کمیشن کے ذریعہ موقعہ سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرنے کے باوجود بی جے پی ریاست کی کئی بلدیات میں بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرے گی ۔ آج یہاں بی جے پی کے دیگر قائدین این وی سبھاش سکریٹری و پارٹی ترجمان میر فراست علی باقری رکن عاملہ بی جے پی کے ہمراہ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کا قیام عمل میں آنے کے بعد پہلی مرتبہ تلنگانہ میں بلدی انتخابات منعقد ہوئے ہیں ۔ جس میں بی جے پی نے تنہا اپنے بل بوتے پر کسی اور جماعت کی حمایت حاصل کئے بغیر تقریباً 85 فیصد بلدی وارڈز سے مقابلہ کی ہے ۔ جبکہ سال 2014 میں منعقدہ بلدی انتخابات کے موقع پر بی جے پی نے تلگو دیشم پارٹی کے ساتھ انتخابی مفاہمت کے ذریعہ بلدی انتخابات میں مقابلہ کی تھی اور ممکنہ حد تک زیادہ سے زیادہ نشستوںپر کامیابی حاصل کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ منعقدہ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس نے رائے دہندوں میں بڑے پیمانے پر رقومات اور شراب کی تقسیم کرکے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کی اور اس سلسلہ میں بعض ثبوت پیش کئے جانے کے باوجود ریاستی الیکشن کمیشن نے بی جے پی کی شکایتوں کو بالکلیہ طور پر نظر انداز کیا اور اس طرح ٹی آر ایس نے پولیس اور ریاستی الیکشن سے زبردست فائدہ حاصل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ شاید مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور مسٹر کے ٹی راما راؤ یہ سمجھ رہے ہیں کہ چھ سالہ کارکردگی کی بنیاد پر بلدی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرکے بلدیات پر اپنا قبضہ کیا جاسکے گا ۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ بلدی انتخابات میں برسر اقتدار تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے جس انداز میں بڑے پیماین پر رقومات خرچ کی ہے ۔ اس کی سابق میں کوئی نظیر نہیں ملے گی ۔ اس کے باوجود بی جے پی نے ٹی آر ایس کے ساتھ سخت مقابلہ کیا ۔ صدر تلنگانہ ریاستی بی جے پی نے چہرہ شناسی سافٹ ویر کو متعارف کرنے کا خیرمقدم کیا اور مسٹر اسدالدین اویسی کی جانب سے اس سافٹ ویر کی مخالفت کرنے پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے آئندہ دنوں میں منعقد ہونے والے انتخابات میں اس سافٹ ویر کو ملک گیر سطح پر متعارف کرکے روبہ عمل لانے کی مرکزی الیکشن کمیشن سے پرزور اپیل کی ۔