ٹی آر ایس پر بے بنیاد الزامات ۔ جی سکھیندر ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔5اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ میں اپوزیشن جماعتیں عوامی اعتماد سے محروم ہوچکی ہیں اور یہ حکومت کو بدنام کرنے تلنگانہ راشٹر سمیتی پر الزامات عائد کررہی ہیں۔ سابق ایم پی و امیدوار قانون ساز کونسل مسٹر جی سکھیندر ریڈی نے میڈیا سے بات چیت کے دوران یہ بات کہی۔انہو ںنے چیف منسٹر و سربراہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کے چندر شیکھر راؤ سے انہیں کونسل کے ارکان اسمبلی کے زمرہ کی نشست کیلئے امیدوار بنانے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس متحدہ طور پر عوامی خدمات انجام دینے میں مصروف ہے لیکن بعض اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ٹی آر ایس قائدین میں اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ سکھیندر ریڈی نے وزیر تعلیم جگدیش ریڈی کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں کابینہ رفقاء اور منتخبہ و نامزد عوامی نمائندوں کی جانب سے مسائل کے حل پر توجہ دی جا رہی ہے جس سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی موضوع نہیں رہا جس کے سبب عوامی جماعت تلنگانہ راشٹر سمیتی قائدین کو نشانہ بنانے کوشش کی جا رہی ہے۔ انہو ںنے کہا کہ حکومت اور پارٹی سے انہیں جو ذمہ داری دی جائیگی وہ ان کو پورا کرنے تیار ہیں جو عوام کے مفادمیں ہیں۔ سکھیندر ریڈی نے تلنگانہ راشٹر سمیتی ذمہ داروں اور سرکردہ قائدین سے بھی اظہار تشکر کیا اور کہا کہ مسائل کے حل کیلئے متحدہ جدوجہد ہی کامیاب ہوتی ہے اور وہ ہونے لگی ہے جس سے اپوزیشن جماعتیں خائف ہیں۔
