ریاستی بجٹ، ترقی اور فلاح کا ضامن ، 30 نئی اسکیمات متعارف

   

بی جے پی ارکان کی معطلی حق بجانب ، مرکز سے فنڈس کیلئے جدوجہد، ہریش راؤ کا بیان
حیدرآباد۔7۔ مارچ (سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہا کہ بجٹ میں 30 سے زائد نئی اسکیمات کو متعارف کیا گیا ہے اور ہر اسمبلی حلقہ میں 15000 افراد کو دلت بندھو اسکیم کے تحت مالی امداد فراہم کی جائے گی ۔ بجٹ کی پیشکشی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت سے تلنگانہ کا جائز حق حاصل کرنے کیلئے جدوجہد کی جائے گی۔ فنڈس کی اجرائی کے سلسلہ میں مرکز سے بارہا نمائندگی کی جاچکی ہے لیکن مرکز نے تلنگانہ کو مایوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فینانس کمیشن نے تلنگانہ کو فنڈس کی اجرائی کے سلسلہ میں جو سفارشات پیش کی ہیں، انہیں نظر انداز کردیا گیا ۔ بجٹ کو ترقی اور فلاحی اقدامات پر مبنی قرار دیتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ 2022-23 ء کے دوران 30 نئی اسکیمات متعارف کی گئی ہیں۔ ڈبل بیڈروم اسکیم کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ بجٹ کی تکمیل تک دو لاکھ دلت خاندانوں کو دلت بندھو اسکیم کے تحت مالی مدد فراہم کی جائے گی ۔ ہریش راؤ نے ایوان سے بی جے پی ارکان کی معطلی کو حق بجانب قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کے وسط میں آنے پر معطل کرنے کا فیصلہ بزنس اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔ بی جے پی ارکان چونکہ ایوان کے وسط میں پہنچ گئے تھے ، لہذا انہیں معطل کرنا پڑا۔ کانگریس ارکان ایوان کے وسط میں نہیں آئے ، لہذا انہیں معطل نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ راجیہ سبھا میں 12 ارکان کو محض اس لئے معطل کیا گیا کیونکہ انہوں نے اپنی نشستوں کے پاس کھڑے ہوکر احتجاج کیا تھا۔ انہوں نے بی جے پی قائدین سے سوال کیا کہ دہلی اور تلنگانہ میں علحدہ اصول کیسے ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ارکان معطلی کیلئے جان بوجھ کر ایوان کے وسط میں پہنچے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو اس طرح کی حرکتوں سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ر