ساتھی طالب علم کو زد و کوب کرنے اور دھمکانے کا الزام
حیدرآباد۔/17جنوری، ( سیاست نیوز) سائبرآباد کی دنڈیگل پولیس نے ریاستی بی جے پی صدر بنڈی سنجے کے فرزند بنڈی سائی بھگیرتا کے خلاف ساتھی طالب علم کو زدوکوب کرنے اور دھمکانے کے الزام میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ یہ واقعہ مہیندرا یونیورسٹی میں پیش آیا اور اس سے متعلق ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے کے نتیجہ میں پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بنڈی سنجے کے فرزند بنڈی سائی بھگیرتا دنڈیگل میں واقع مہیندرا یونیورسٹی میں قانون کی تعلیم حاصل کررہے ہیں اور اپنے ایک ساتھی طالب علم سری رام سے معمولی سی بات پر اسے شدید زدوکوب کرتے ہوئے بدکلامی کی۔ اس واقعہ کی مکمل ویڈیو گرافی کی گئی تھی اور بعد ازاں اس ویڈیو کو سوشیل میڈیا پر منگل کی شام وائرل کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بنڈی بھگیرتا نے سری رام کو زدوکوب کرتے ہوئے اسے دھمکایا اور یہ بات دوسروں کو بتانے پر انتباہ دیا۔ یہ ویڈیو سوشیل میڈیا پر آج وائرل ہوگیا جس کے نتیجہ میں پولیس دنڈیگل نے متاثرہ طالب علم سری رام سے درخواست حاصل کرنے کے بعد بنڈی سائی بھگیرتا کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 341، 323، 504 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ انسپکٹر دنڈیگل پولیس اسٹیشن پی رمنا ریڈی نے سیاست نیوز کو بتایا کہ مہیندرا یونیورسٹی کے واقعہ کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے کے نتیجہ میں پولیس نے مقدمہ درج کیا ہے اور شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کی جارہی ہیں۔ب