گلوبل اے آئی سمٹ کا افتتاح ، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج کہا کہ تلنگانہ اے آئی مشین (T-AIM) سے ناسکام کے ساتھ اشتراک میں ریاست میں مصنوعی ذہانت کے فریم ورک پر عمل درآمد میں مدد ہوگی اور ریاستی حکومت مصنوعی ذہانت کو اختیار کرنے کے لیے تیار ہے ۔ آج یہاں ایچ ائی سی سی حیدرآباد پر دو روز گلوبل اے آئی سمٹ 2024 کا افتتاح کرنے کے بعد مخاطب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست تلنگانہ آرٹیفیشل انٹلی جینس ( مصنوعی ذہانت ) کے لیے تیار ہے اور حکومت مصنوعی ذہانت کے لیے معیارات مقرر کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے لیے یہ عہد نیا نہیں ہے بلکہ حکومت نے اس سلسلہ میں بڑے اقدامات کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مستقبل کے لیے ایک مضبوط فاونڈیشن ڈالنا چاہتے ہیں ۔ یہ کہتے ہوئے حیدرآباد میں مصنوعی ذہانت کے مرکز بننے کی صلاحیت ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ٹکنالوجی اور اختراع سے سماج اور زندگیوں میں تبدیلیاں آتی ہیں اور کوئی بھی چیز ٹکنالوجی اور اختراع سے جس طرح تبدیلیاں آتی ہیں اس طرح کی تبدیلیاں نہیں لاتی ہے ۔ اس سلسلہ میں انہوں نے ریلوے ٹرین انجن ، ہوائی جہاز ، برقی بلب ، ٹی وی ، کیمرہ ، کمپیوٹر کی ایجادات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ان سے بھی دنیا میں تبدیلیاں آئیں اور کہا کہ آج ایک اہم ٹکنالوجی یہاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اے آئی روڈ میاپ میں 25 پروگرامس شامل کئے ہیں اور حکومت تلنگانہ مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لیے ایک بہتر یکو سسٹم کی سمت کام کررہی ہے ۔ اس موقع پر ایک کتاب ’ تلنگاناس گروتھ اسٹوری ۔ دی روڈ ٹو 1 ٹریلئین اکانومی ‘ کو لانچ کیا گیا ۔ وزیر آئی ٹی و انڈسٹریز ڈی سریدھر بابو نے اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت پائیدار ترقی کے لیے مصنوعی ذہانت سے استفادہ کرے گی اور حکومت ریاست کے تمام 33 اضلاع کو گروتھ انجنس کے طور پر دیکھنا چاہتی ہے ۔ قبل ازیں پرنسپال سکریٹری آئی ٹی جیش رنجن نے مخاطب کیا ۔ اس موقع پر بی وی آر موہن ریڈی سابق چیرمین ناسکام ، پروفیسر سری کرشنا دیوا راؤ ، وائس چانسلر نلسار یونیورسٹی بھی موجود تھے ۔۔