ریاستی حکومت جنوری تک 43,937.95 کروڑ کی مقروض

   


حیدرآباد : بجٹ سال 2020-21ء کے دوران 33,191,26 کروڑ روپئے کے بجٹ تخمینہ کے مقابل ریاستی حکومت کا جملہ قرض جنوری تک 43,937.95 کروڑ روپئے کا تھا۔ کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ رپورٹس کے مطابق ریاستی حکومت 32,671.62 کروڑ روپئے کے بجٹ نشانہ کے مقابل 20146.21 کروڑ روپئے جی ایس ٹی وصول کرپائی۔ 10,000 کروڑ روپئے کے نشانہ کے مقابل اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن کے تحت وصولی جنوری تک 3,358.51 کروڑ روپئے تھی۔ سیلس ٹیکس وصولیات 26,400 کروڑ کے نشانہ کے مقابل 16,416.87 کروڑ روپئے تھیں۔ مرکزی محاصل کا ریاستی حصہ بھی بہت حوصلہ افزاء نہیں تھا۔ 10,906.51 کروڑ روپئے کے بجٹ تخمینہ کے مقابل ریاستی حکومت بھاری قرض حاصل کرنے کے باوجود جنوری تک 5,870.32 کروڑ روپئے حاصل کرپائی۔ ریاست کی جملہ ریونیو وصولیات 18977.70 کروڑ روپئے رہیں جبکہ نشانہ 1,76,393.20 کروڑ روپئے تھا۔ ریاستی حکومت کیلئے فروری اور مارچ میں مزید 57,000 کروڑ روپئے حاصل کرنا مشکل ہوگا۔