کولکتہ۔6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) گورنر مغربی بنگال جگدیپ دھنکر نے کہا کہ وہ ریاستی حکومت کے ساتھ جنگ میں نہیں ہے۔ ان کا مقصد عوام کی خدمت ہے۔ مختلف امور پر گورنر کی ریاستی حکومت کے ساتھ ٹکرائو کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ریاست میں یونیورسٹیوں کو ان کے طریقہ سے کام کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ ایم سی سی آئی ایجوکیشن فورم میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز کے چانسلر کی حیثیت سے انہوں نے کئی ناموں کو دیکھا ہے جو سرخیوں میں ہیں۔ اگر میں ان سے متعلق کہنا شروع کروں تو دوسرے دن اخبار کی سرخیاں بن جائیں گی۔ بحیثیت چانسلر یہ دیکھا جارہا ہے کہ یونیورسٹیز کو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جیسا کہ انہیں کرنا چاہئے۔ گورنر کی مختلف امور پر ریاستی حکومت کے ساتھ لفظی جنگ چل رہی ہے۔