سری نگر :جموں و کشمیر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کابینہ کی تجویز کو منظور کر لیا جس میں مرکز سے ریاستی درجہ بحال کرنے درخواست کی گئی ۔سرکاری ترجمان نے کہاکہ کابینہ اجلاس میں، ریاستی درجہ بحال کرنے کی تجویز کو منظور کر لیا گیا۔ حکام نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر نے کابینہ کی تجویز کو منظور کر لیا ہے۔ ریاستی درجہ بحال کرنا اصلاحاتی عمل کا آغاز ہوگا جس سے آئینی حقوق بحال ہونگے اور جموں و کشمیر عوام کی شناخت کا تحفظ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے چیف منسٹر کو یہ اختیار دیا کہ وہ ریاست کا درجہ بحال کرنے وزیر اعظم اور حکومت ہند سے معاملہ اٹھائیں۔. ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر کی منفرد شناخت اور عوام کے آئینی حقوق کا تحفظ نو منتخب حکومت کی پالیسی کی بنیاد ہے۔.انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر جلد ہی وزیراعظم اور مرکزی وزراء سے ملاقات کیلئے نئی دہلی کا دورہ کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ کابینہ نے 4 نومبر کو اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا ۔ پہلے اجلاس کیلئے اسمبلی میں لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب کا مسودہ بھی کابینہ میں رکھا گیا تھا جس کے بعد کابینہ نے فیصلہ کیا کہ اس پر غور کیا جائے گا۔