سرپنچ سریدھر نے ایوارڈ حاصل کیا
گمبھی راؤ پیٹ۔یکم ؍ اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) راجننہ سرسلہ ضلع کے میجر گرام پنچایت گمبھی راؤ پیٹ کو ریاستی سطح پر مثالی گرام پنچایت ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا۔ سال2021-22 کیلئے منتخب کردہ دس ایوارڈ کو آج حیدرآباد کے راجندر نگر میں واقع ہیومن ریسورس سنٹر میں منعقدہ ایک تقریب میں سرپنچ گرام پنچایت گمبھی راؤ پیٹ کٹکم سریدھر اور سی او محمد عبدالماجد کو ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ ، وزیر پنچایت راج ایرابلی دیاکر راؤ، وزیر لیبر ملاریڈی اور پنچایت راج پرنسپل سکریٹری سندیپ کمار سلطانیہ کے ہاتھوں ایوارڈ دیا گیا۔ سرپنچ سریدھر نے اس موقع پر ریاستی سطح پر مثالی گرام پنچایت کیلئے گمبھی راؤ پیٹ گرام پنچایت کو منتخب کئے جانے پر مسرت کا اظہار کیا اور اس باوقار ایوارڈ کے ملنے پر حلقہ سے نمائندگی کرنے والے ریاستی وزیر کے ٹی راماراؤ، تلنگانہ ٹاون پلاننگ بورڈ چیرمین بوئن پلی ونود کمار اور ٹیکسوپ چیرمین رویندر راو سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ہمیشہ ان کا تعاون ان کے گرام پنچایت کو رہا جس کی وجہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی عمل میں لائی گئی۔