ریاستی وزراء اور ٹی آر ایس قائدین کا گھیراؤ کرنے ریونت ریڈی کی دھمکی

   

دھان کی خریدی کیلئے کے سی آر حکومت کو 24 گھنٹوں کی مہلت
حیدرآباد۔/12 اپریل، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے انتباہ دیا کہ اگر تلنگانہ میں اندرون 24 گھنٹے دھان کی خریدی کے مراکز قائم نہیں کئے گئے تو کانگریس پارٹی ریاستی وزراء اور ٹی آر ایس قائدین کا گھیراؤ کرے گی۔ وزراء اور برسراقتدار پارٹی قائدین کو گاؤں میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔ دھان کے مسئلہ پر کابینی اجلاس کے پس منظر میں ریونت ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مرکزی حکومت کو 24 گھنٹوں کی مہلت دی ہے اور کانگریس پارٹی انہیں 24 گھنٹوں کی مہلت دیتی ہے۔ کے سی آر خود کو کسانوں کے حق میں جدوجہد کرنے والا ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور اگر واقعی وہ سنجیدہ ہیں تو دھان کی خریدی کے مراکز قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاستی حکومت کسانوں کو بھروسہ دلانے میں ناکام رہی تو کانگریس کارکن جگہ جگہ ریاستی وزراء کو روک دیں گے اور انہیں گاؤں میں داخلے سے روک دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف دھان کی خریدی بلکہ اقل ترین امدادی قیمت کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ بی جے پی اور ٹی آر ایس کسانوں سے ہمدردی کے نام پر ڈرامہ بازی کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے ساتھ ناانصافی ہوتی ہے تو کانگریس پارٹی کسانوں کے حق میں جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کسانوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس قائدین اور ریاستی وزراء کا جگہ جگہ گھیراؤ کریں۔ ر