ریاستی وزراء پونم پربھاکر اور سیتکا کی مہاراشٹرا میں انتخابی مہم

   

چندرا پور ضلع میں جلسوں سے خطاب، پسماندہ طبقات اور اقلیتوں سے متحدہ رائے دہی کی اپیل
حیدرآباد ۔18 ۔نومبر (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر اور وزیر پنچایت راج ڈی انوسویا سیتکا نے مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ دونوں وزراء نے چندرا پور ضلع کے اسمبلی حلقہ جات میں جلسوں سے خطاب کیا اور ووٹرس سے ملاقات کی۔ مہاراشٹرا میں مہا وکاس اگھاڑی کی کامیابی کو یقینی قرار دیتے ہوئے وزراء نے کہا کہ ایکناتھ شنڈے حکومت نے عوامی مسائل کو نظر انداز کردیا ہے۔ ریاستی وزراء نے بی جے پی پر مذہبی منافرت کے ذریعہ ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا اور کہا کہ وزیراعظم مودی اپنی تقاریر کے ذریعہ سماج کو مذہبی اساس پر تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ ملک سے نفرت کے خاتمہ اور سماجی انصاف کیلئے راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریس جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کے اعتبار سے فلاحی اسکیمات میں حصہ داری کے مقصد سے راہول گاندھی نے قومی سطح پر ذات پات پر مبنی مردم شماری کی تجویز پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی مردم شماری سے خوفزدہ ہے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں مہا وکاس اگھاڑی کو 31 نشستوں پر کامیابی ملی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اسمبلی چناؤ میں مہا وکاس اگھاڑی کو اقتدار حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس مرکز میں برسر اقتدار آنے پر قومی سطح پر مردم شماری کو یقینی بنائے گی۔ پونم پربھاکر نے ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتوں میں اتحاد کی اپیل کی اور کہا کہ اگر یہ طبقات متحد ہوجائیں تو فرقہ پرست طاقتوں کی شکست یقینی ہے۔ ملک میں بی جے پی کے زوال کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ میں راہول گاندھی کی انتخابی مہم میں عوام میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھا گیا ۔ انہوں نے مہاراشٹرا کی رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ متحدہ طور پر کانگریس اور اس کی حلیف پارٹیوں کے حق میں ووٹ کا استعمال کریں ۔ وزیر پنچایت راج سیتکا نے کہا کہ کمزور طبقات میں شعور بیداری سے بی جے پی خوفزدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے انتخابی وعدوں کی تکمیل کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ 1