ریاستی وزراء کا تعاقب اور گھیراؤ کرنے ریونت ریڈی کا اعلان

   

کوئی سرکاری پروگرام کی اجازت نہیں ہوگی، ضرورت پڑنے پر جیل بھرو ایجی ٹیشن، کانگریس قائدین کی گرفتاریوں کی مذمت
حیدرآباد۔31۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی نے پارٹی کیڈر سے اپیل کی کہ وہ ریاست بھر میں ریاستی وزراء کا تعاقب اور گھیراؤ کریں۔ جہاں کہیں بھی ریاستی وزراء دورہ پر آئیں کانگریس کارکنوں کو ان کا تعاقب کرتے ہوئے گھیراؤ کرنا چاہئے ۔ ریونت ریڈی نے وزراء کے سرکاری پروگراموں کو درہم برہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ رچہ بنڈہ پروگرام میں شرکت سے روکنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کانگریس قائدین کو گھروں پر محروس کرتے ہوئے چیف منسٹر نے محبوب آباد کے دورہ سے روکنے کی کوشش کی ۔ اپوزیشن قائدین کو عوام سے ملاقات سے روکنا غیر جمہوری ہے۔ چیف منسٹر دراصل کانگریس کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور انہیں شکست کا خوف لاحق ہوچکا ہے۔ سینئر قائدین محمد علی شبیر ، ڈاکٹر ملو روی ، انجن کمار یادو ، سمپت کمار اور راملو نائک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس قائدین محبوب آباد میں منڈل ایجوکیشن آفیسر جیتو رام نائک کے پسماندگان سے اظہار تعزیت کرنا چاہتے تھے جو محبوب آباد سے ملگ ضلع کو جبری طور پر تبادلہ کے بعد قلب پر حملہ سے فوت ہوگئے۔ جیتو رام نائک محبوب آباد کے مقامی ہیں اور انہوں نے 30 سال تک اسی علاقہ میں خدمات انجام دی ہیں۔ نئے زونل کیڈر کے تحت ان کا ملگ ضلع کو جبری تبادلہ کردیا گیا۔ فالج کے مریض جیتو رام نائک کی درخواست کو ضلع کلکٹر نے مسترد کردیا جس کے بعد دلبرداشتہ ہوکر وہ قلب پر حملہ کا شکار ہوگئے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ جیتو رام نائک کی موت دراصل ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے قتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے وہ عوام سے ملاقات کا حق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اب اپنی طاقت کا مظاہرہ کرے گی اور ریاست بھر میں وزراء کو کھلے عام گھومنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ وزراء جہاں کہیں پہنچے این ایس یو آئی ، یوتھ کانگریس اور کانگریسی کارکن گھیراؤ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تعاقب کرتے ہوئے کوئی بھی پروگرام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کے ٹی آر کو نلگنڈہ سے واپسی پر کسی نہ کسی مقام پر گھیراؤ کیا جائے گا۔ کانگریس کیڈر غیر قانونی گرفتاریوں سے خوفزدہ نہیں ہے۔ ضرورت پڑنے پر جیل بھرو پروگرام کا اعلان کیا جائے گا۔ محمد علی شبیر نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ پولیس اسٹیٹ میں تبدیل ہوچکی ہے۔ پولیس کو لاء اینڈ آرڈر کے بجائے کانگریس قائدین کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔ ر