زبان کاٹنے کے بیان پر معذرت کریں، کانگریس کا اقتدار یقینی
حیدرآباد۔11 ۔اگست (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے ریاستی وزراء پرشانت ریڈی اور اندرا کرن ریڈی کی جانب سے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے خلاف اشتعال انگیز بیان بازی کی مذمت کی ہے ۔ پارٹی کے نائب صدر ڈاکٹر ملو روی اور اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شراون نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اندراولی میں منعقدہ دلت و گریجن گرجنا غیر معمولی کامیاب ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرجنا کی کامیابی سے ٹی آر ایس حلقے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ۔ شکست کے خوف سے ریاستی وزراء گھٹیا بیان بازی پر اتر آئے ہیں۔ ڈاکٹر شراون نے کہا کہ بعض قائدین زبان کاٹ دینے کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ ریاستی وزراء اور ارکان اسمبلی کیا چاقو لے کر گھوم رہے ہیں۔ کیا ہمیں چاقو نہیں مل سکتی ؟ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہر بات کا مناسب جواب دینا جانتی ہے لیکن ریاستی وزراء اور ارکان اسمبلی کو سبق سکھانے کیلئے عوام کافی ہیں۔ تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی اور ٹی آر ایس قائدین کو جو بدعنوانیوں اور کرپشن میں مبتلا رہے، انہیں جیل بھیج دیا جائے گا۔ شراون نے کہا کہ من مانی بیان بازی کرنے والے قائدین کو الیکشن کے بعد پچھتانا پڑے گا۔ شراون نے کہا کہ ٹی آر ایس کے بعض قائدین جو سفید راشن کارڈ کے حامل ہیں، ان کے پاس قیمتی کاریں کہاں سے آئی ہیں۔ ڈاکٹر ملو روی نے ریاستی وزراء کو زبان قابو میں رکھنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی ہر زبان کا موثر جواب دے سکتی ہے لیکن کانگریس کی تہذیب گھٹیا زبان کے استعمال کی اجازت نہیں دیتی ۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کو جیل بھیجنے کی بات کرنے والے خود اپنے کرتوتوں کا محاسبہ کریں ۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد کوئی بھی بدعنوان بچ نہیں پائے گا ۔ ملو روی نے ریاستی وزراء سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا ۔ سابق رکن اسمبلی انیل کمار اور پارٹی ترجمان سدھیر ریڈی نے بھی ریاستی وزراء سے معذرت خواہی کی مانگ کی ہے۔