عادل آباد /26 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) متحدہ ضلع عادل آباد انچارج مسٹر جوپلی کرشنا راؤ اور ریاستی وزیر جی ویویک کی عادل آباد پہلی مرتبہ آمد پر عادل آباد ضلع کلکٹر مسٹر راج رشی شاہ اور ضلع ایس پی مسٹر اکھیل مہاجن نے گلدستہ پیش کرتے ہوئے جہاں ایک طرف ان کا استقبال کیا وہیں دوسری طرف پولیس کی جانب سے اعزازی سلامی بھی پیش کی گئی ۔ بعد ازاں ریاستی وزراء مہاتما گاندھی پارک پہونچکر بابا قوم کے مجسمہ پر اور عادل آباد شہر کے قلب میں واقع امبیڈکر چوک پہونچکر امبیڈکر مجسمہ کے علاوہ کلکٹریٹ چوک پر موجودہ کمرم بھیم مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کیا ۔ گاندھی پارک میں منعقدہ تقریب کے اختتام پر دونوں ریاستی وزراء کے روبرو ایک درخت کی ٹہنی گر پڑی جس کے حادثہ سے وہ بال بال بچ گئے ۔ اس موقع پر عادل آباد ضلع کلکٹر مسٹر راج رشی شاہ کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔