ریاستی وزراء کے دورہ کے موقع پر کانگریس قائدین کی گرفتاریوں کی مذمت

   

حکومت کو اپوزیشن سے خوف، عوامی مسائل کی یکسوئی میں ناکامی
حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ، سبیتا اندرا ریڈی اور نرنجن ریڈی کے دورہ عالمپور کے موقع پر سکریٹری اے آئی سی سی سمپت کمار اور دیگر کانگریس قائدین کی گرفتاریوں پر پردیش کانگریس کمیٹی نے احتجاج کیا ہے۔ پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ اور نائب صدر ملو روی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزراء کی آمد سے قبل سمپت کمار اور دیگر کانگریس قائدین کو مکانات پر محروس کرنے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی اضلاع میں کے ٹی آر دورہ کررہے ہیں کانگریس قائدین کی گرفتاریاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔ ملو روی نے کہا کہ دراصل حکومت کو عوام کی جانب سے احتجاج کا خطرہ لاحق ہے اور وہ کانگریس کی بڑھتی مقبولیت سے خوفزدہ ہے۔ ملو روی نے کہا کہ عالمپور اسمبلی حلقہ کے دورہ کے موقع پر کانگریس قائدین کو 5 گھنٹے قبل ہی حراست میں لے لیا گیا۔ سمپت کمار کے علاوہ ضلع کانگریس صدر پربھاکر ریڈی کی گرفتاری قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزراء کو یادداشت پیش کرنے کا اپوزیشن کو اختیار حاصل ہے لیکن حکومت عوامی مسائل کی سماعت کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے گرفتار شدگان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کے سی آر اور کے ٹی آر جہاں کہیں دورہ کرتے ہیں اپوزیشن قائدین کو گرفتار یا پھر گھروں پر محروس رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزراء کے دورہ سے 48 گھنٹے قبل ہی قائدین کو گھروں تک محدود کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام کی آواز کو اسی طرح کچلنے کی کوشش کی گئی تو عوام بغاوت پر مجبور ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کی یکسوئی میں ناکامی کے خوف سے اپوزیشن کا سامنا کرنے سے گریز کیا جارہا ہے۔R