مہینہ میں ایک بار چیف منسٹر کی آمد، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کی مساعی
حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے حکومت اور پارٹی کے درمیان بہتر تال میل کیلئے بعض اہم فیصلے کئے ہیں۔ ہر مہینہ میں ایک مرتبہ چیف منسٹر کے گاندھی بھون دورہ اور ریاستی وزراء ہفتہ میں دو مرتبہ گاندھی بھون میں دستیاب رہنے کو یقینی بنانے کی مساعی شروع کردی گئی ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو اس تجویز سے آگاہ کیا اور کہا کہ پارٹی کارکنوں کیلئے سکریٹریٹ میں چیف منسٹر اور وزراء سے ملاقات دشوار کن مرحلہ ہے۔ اگر چیف منسٹر اور وزراء پارٹی آفس کا دورہ کریں تو کارکن اپنے مسائل پیش کرسکتے ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے گاندھی بھون کے انچارج عملے کو ہدایت دی کہ وہ وزراء سے ربط قائم کرتے ہوئے ان کے شیڈول کے مطابق گاندھی بھون کے دورہ کا پروگرام ترتیب دیں۔ مہیش کمار گوڑ کی تجویز سے چیف منسٹر نے اتفاق کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہر چہارشنبہ اور جمعہ کو ایک ریاستی وزیر گاندھی بھون میں کارکنوں اور عوام کیلئے دستیاب رہیں گے۔ آئندہ پیر سے گاندھی بھون میں ریاستی وزراء کی آمد کے پروگرام کو قطعیت دینے کی تیاریاں جاری ہیں۔ اسی دوران مہیش کمار گوڑ کیلئے ریاستی عاملہ کی تشکیل بھی کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔ مجالس مقامی کے انتخابات سے قبل مہیش کمار گوڑ پارٹی قائدین اور کارکنوں کو متحرک کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔1