ریاستی وزرا کے جیب سے رقم اڑالی گئی

   

حیدرآباد، /29 اگست (یو این آئی) ریاستی وزرا کے دورہ یادادری بھونگیر کے موقع پر ان کی جیب کترلی گئی۔اس میں تقریبا ایک لاکھ روپئے کی رقم نکال لی گئی۔یادادری بھونگیر ضلع کے موتور علاقہ کا وزیر جگدیش ریڈی،نرنجن ریڈی نے گذشتہ روز دورہ کیا۔اس موقع پر نئے زرعی مارکٹ صدرنشین کی حلف برداری تقریب میں وزرا نے شرکت کی۔ وزراء کامقامی لیڈروں نے شاندار استقبال کیا۔اسی دوران ایک شخص نے ان وزرا کے جیب سے تقریبا ایک لاکھ روپئے کی رقم اڑالی۔ان وزرا کے دورہ کے موقع پر بھاری پولیس بندوبست کے دوران یہ واردات پیش آئی۔اس واقعہ کا ویڈیو وہاں پہلے ہی سے موجود میڈیا کے کیمرہ میں قید ہوگیاجس میں دکھایاگیا کہ ہجوم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چور نے وزرا کے جیب سے آسانی کے ساتھ رقم اڑالی۔پروگرام کے اختتام کے بعد وزرا نے پولیس سے اس بات کی شکایت کی۔پولیس نے اس سلسلہ میں شکایت درج کرتے ہوئے اس چور کی تلاش کا کام شروع کردیا جس نے ہجوم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بڑی ہی آسانی اورمہارت کے ساتھ یہ رقم اڑالی۔